اسلام آباد (نمائندہ جنگ)سابق وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے وزیر صحت کے عہدے سے ہٹانے پر کہا ہے کہ ڈالر مجھ پر قیامت بن کر گرا ، وزیر اعظم عمران خان کا فیصلہ سرخم تسلیم مگر دواؤں کی قیمتیں بڑھنے میں میرا قصور نہیں تھا، نااہلی کا الزام لگنے پر افسوس ہوا ، حقائق کچھ اور ہیں۔ گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ادویات کی کمپنیوں کے خلاف کارروائیاں کیں اور چھاپے مارے اور متعدد کمپنیوں کو بند بھی کیا۔ ادویات کی قیمتیں کچھ ن لیگ نے بڑھائیں، کچھ ڈالر کی وجہ سے بڑھیں۔ 345 ادویات کی قیمتوں میں 2.4فیصد اضافے کا فیصلہ ن لیگ کے دورمیں ہوا۔ (ن) لیگ میرے دعوے کو چیلنج کرے حقائق سامنے لے آوں گا۔ عامر محمود کیانی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کا دکھ برداشت نہیں کر سکتے ، وہ ادویات کی قیمتیں بڑھنے پر پریشان تھے کیونکہ ان کی نظر عوام پر ہے ، ہمیں عمران خان پر مکمل اعتماد ہے ، وہ میرے لیڈر ہیں ، اگر وہ بندوق دے کر بارڈر پر بھی بھیج دیں تو میں اس کیلئے تیار ہوں۔ ادویات کی قیمتیں بڑھنے میں میرا کوئی قصور نہیں۔