• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت نے مسلم لیگ ن کے دور میں معیشت کی بہتری کا اعتراف کر لیا، وزارت خزانہ نے قومی اسمبلی کو تحریری جواب میں بتایا ہے کہ سال 2009 سے 2013 کے دوران معاشی ترقی کی شرح 2.8 فیصد تھی جو 2014 میں 4 فیصد ہو ئی اور بتدریج بڑھ کر 2018 میں 5.2 فیصد ہو گئی۔

وزارت خزانہ نے ایوان کو بتایا کہ یکم جون 2018 سے اب تک ڈالر کی قیمت میں اضافے سے بیرونی قرضہ 1 ہزار 657 ارب روپے مزید بڑھ گیا ہے۔

رواں مالی سال کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف4398 ارب روپے ہے، فروری 2019 میں 2566 ارب روپے جمع کرنے تھے لیکن 2331 ارب روپے وصول ہو سکے۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب نے سوال اٹھایا کہ ناجائز تجاوزات پر غریبوں کے گھر تو گرا دیئے گئے، بنی گالہ کی دیواریں کب گرائی جائیں گی۔

وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے جواب دیا کہ لوگ بنی گالہ سے پیار کرتے ہیں۔

وزارت داخلہ نے ایوان میں تحریری سفارش پیش کی کہ بلیو ایریا سمیت ریڈ زون میں احتجاجی سرگرمیوں پر پابندی ہونی چاہئے، احتجاجی سرگرمیوں کے لیے موزوں ترین جگہ ایف نائن پارک ہے، وزارت داخلہ کے مطابق شکر پڑیاں گراؤنڈ کو ڈیموکریسی پارک قرار دیا جا چکا ہے۔

وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ نے ایوان کو آگاہ کیا کہ 2018میں تحریک لبیک پاکستان کے مظاہرین اور وفاقی حکومت کے درمیان معاہدہ حکومت پنجاب نے کرایا تھا۔

سال 2018 میں 18 آئی این جی اوز پر مینڈیٹ کے برعکس سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی۔

وزارت داخلہ نے بتایا کہ خیبر پختونخواکی جیلوں میں 18 قیدی ایڈز کے مرض میں مبتلا ہیں ۔ سنٹرل جیل پشاور میں 6 ، بنوں اور مردان میں دو ، دو قیدی ایڈز کے مریض ہیں۔ تیمر گرہ جیل میں 1 ایبٹ آباد جیل میں 3 اور صوابی جوڈیشل لاک اپ میں 4 قیدیوں کو ایڈز ہے۔

تازہ ترین