پنجاب کے شہر سرگودھا میں تیسری جماعت کے 10 سالہ طالب علم کو اغواء اور زیادتی کے بعد چھری کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔
پولیس نے قتل کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔
سرگودھا کے گاؤں 31 جنوبی کا رہائشی 10 سالہ محمد بلال گزشتہ 4 روز سے لاپتہ تھا، طالب علم کے اغوا کا مقدمہ بھی متعلقہ تھانے میں درج کرا دیا گیا تھا۔
پولیس بچے کو تلاش کر رہی تھی، شک ہونے پر گاؤں کے ایک شخص عثمان کو حراست میں لیا گیا تو اس نے بچے کے اغوا اور قتل کا اعتراف کر لیا۔
ملزم مقتول کو سائیکل چلانا سکھانے کے بہانے اپنے ساتھ لے گیا تھا، ملزم نےبچے کو زیادتی کے بعد قتل کر کے اس کی لاش گنے کے کھیت میں پھینک دی تھی۔
واقعے پر اہل خانہ نے لاہور سرگودھا روڈ پر احتجاج کیا اور مانگنی پل کے قریب کچھ دیر کے لیے ٹریفک کو بھی معطل کر دیا۔