• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبدیلی کیلئے مل کر کوششیں کی جائیں، ہمیں علامہ محمد اقبال ؒکی فکر اپنانا ہوگا، کمیونٹی رہنما

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) سرزمین پاک وطن آج پھر مرد مومن کی تلاش میں ہے، آج پوری قوم کو پھر سے شاعر مشرق حضرت علامہ اقبالؒ کی فکر کو اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ مساوات کا علم بلند ہو، انصاف کا بول بالا ہو اور مقاصد پاکستان کے ثمر سے پھر امیر، غریب، مسلم و نان مسلم بہرہ ور ہو، حضرت علامہ اقبال نے مایوسیوں کے اندھیروں میں امید کے دیپ جلاکر عظیم ملک کا تصور پیش کیا تھا، مگر ہم نے اجتماعی بے حسی سے وطن عزیز کو پھر سے مایوسیوں، بے انصافی کی دلدل میں دھکیل دیا۔ تبدیلی کی ہم سب کو متحد ہوکر کوششیں کرنی چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار حضرت علامہ اقبالؒ شاعر مشرق کی برسی کی نسبت سے لانگ سائٹ مانچسٹر میں منعقدہ تقریب جس کا اہتمام مانچسٹر کے پاکستانی کمیونٹی رہنمائوں کی طرف سے چوہدری ظہور احمد چیمہ، چوہدری نصر اللہ خان اور دیگر نے مل کر کیا۔ تقریب کے موقع پر حضرت علامہ اقبالؒ کی روح کو ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔ معروف سیاسی، سماجی رہنما چوہدری نصراللہ خان نے کہا کہ قیام پاکستان برصغیر میں بے انصافیوں کے خاتمہ اور عام لوگوں کو صحت عامہ، تعلیم اور انصاف مل سکے، ایک معاشرہ قائم کرنے کے لئے قائم کیا گیا تھا، اس وطن عزیز کے قیام کا خواب حضرت علامہ اقبالؒ نے دیکھا تھا۔ علامہ اقبالؒ نے فرمایا اس سے بڑھ کر اور کیا فکر و عمل کا انقلاب بادشاہوں کی نہیں اللہ کی ہے یہ سرزمین، انہوں نے کہا کہ جب ہمارے آبائو اجداد نے فکر اقبالؒ کو اپنا کر متحد ہوکر کوشش کی تو چشم فلک نے دیکھا کہ اسلامی انقلاب کو دبانے والے خس خاشاک کی طرح بہہ گئے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا قیام قوم اسلام کا مظہر ثابت ہوا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان گوناگوں نعمتوں، مختلف موسموں، ہموار زمین، پہاڑ اور دریا، معدنی خزانے موجود ہیں، اس ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت دفاع ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ سائوتھ ایشین کمیونٹی کے چیئرمین چوہدری غلام رسول علی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو معاشی اور معاشرتی طور پر ترقی دینے اور قومی یکجہتی کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف سینہ سپر ہونے کی ضرورت ہے۔ سماجی و بزنس کمیونٹی رہنما چوہدری ظہور احمد چیمہ نے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ نے ہمیں زندہ قوم بننے اور امتوں کی رہنمائی کی نوید سنائی تھی، ہمارے آبائو اجداد نے ان ہی کی دکھائی ہوئی راہ پر چلتے ہوئے غیر ممکن کو ممکن بناکر ایک خوبصورت اور پوری دنیا کے لئے جغرافیائی طور پر اہمیت رکھنے والا ملک بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ ہم نے اپنے قائدین حضرت علامہ اقبالؒ اور قائداعظم کے افکار سے پہلوتہی کی۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں کو فکر اقبال اپنانے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی اپیل کی۔ بزرگ سماجی رہنما چوہدری غلام محمد ورک نے کہا کہ ہم اپنے محسن علامہ اقبالؒ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کے حکمرانوں اور اپوزیشن کو مل کر پاکستان کو خوشحال بنانے اور معاشی بدحالی سے نکالنے کی سعی کرنی چاہئے۔ سماجی و مذہبی رہنما چوہدری منور خان نے کہا کہ پاکستان ایک حقیقت ہے، اس کے قیام کے مقاصد کو حکومتوں اور عوام نے بھلا دیا، جس کی وجہ سے آج پوری قوم کرب سے گزر رہی ہے۔ اس کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ چوہدری سجاد نے کہا کہ ہمیں نظریہ پاکستان کی حقیقتوں کو سمجھ کر قومی یکجہتی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ میاں محمد سلیم نے علامہ اقبالؒ کو مسلمانوں کو درس بیداری دینے پر زبردست خراج عقیدت پیش کی۔

تازہ ترین