الہ آباد،قصور (نامہ نگار،نمائندہ جنگ )قصور کے نواحی گاؤں اکیکے رسول پور کے مدرسہ دار لعلوم فاروقیہ میں قاری خالد نے سبق یاد نہ کرنے پر 7سالہ بچے محمد عمر کو تشدد کر کے مار ڈالا اور لاش کو ٹرنک میں چھپا کر فرار ہو گیا۔ الہ آباد پولیس نےمدرسہ کے مہتمم حافظ طاہر فاروقی کو گرفتار کر لیا ۔گائوں پنڈی جٹاں کا محمد عمر مدرسہ میں زیر تعلیم تھا اور دوسرے بچوں کے ساتھ مدرسے میں ہی رہتا تھا۔ گزشتہ رات عمرنظر نہ آیا جس پر بچہ کے کزن نے اسکے والدین کو اطلاع دے دی ۔ عینی شاہدین اور مدرسہ کے قاری مولوی خالد نے بچے کے بارے میں لاعلمی ظاہر کی۔ مدرسہ کے اندر بچے کی تلاش شروع ہوئی تو لا ش ایک کمرے میں پڑے لوہے کے ٹرنک سےبرآمدہوگئی جس کے اوپر چادر ڈالی ہوئی تھی جبکہ مقامی پولیس کا موقف ہے کہ بچے کی لاش ایک کونے میں پڑی چارپائی پر سے ملی۔بچے کے والد محمد سلیم کے مطابق اسکے بیٹے کی ہلاکت مدرسہ کے قاری مولانا محمدطاہر اور اسکے بھائی مولانا محمد خالد کے تشدد سے ہوئی ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق ملزم پہلے بھی بچوں تشدد کرتا رہا ہے اور تعویز گنڈا کا کام بھی کرتا تھا۔ایک اطلاع کے مطابق بچےسے زیادتی بھی کی گئی۔