اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) بلاول بھٹو زرداری نےعمران خان کو سمجھتی ہے کہہ دیا جبکہ شیخ رشید نے فردوس عاشق اعوان کو صاحب کہہ دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیراعظم کے اپنے متعلق صاحبہ کے بیان پرعمران خان کے لیے مذکر کی بجائے مؤنث کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر عمران خان ’سمجھتی‘ ہیں اس قسم کا بیان دے کر وہ کسی کی تضحیک کررہے ہیں تووہ اپنے آپ کی تضحیک کررہے ہیں،اگر انہیں کچھ نہیں پتا تو بات نہ کریں،اس طرح کی بات کرنے سے عمران خان اپنا قد چھوٹا کرتے ہیں، ہم سب جانتے ہیں وہ کیسے وزیراعظم بنے، اب اگر بن ہی گئے ہیں تو اس کرسی کا احترام کریں اور اپنا کام کریں۔ادھر وفاقی وزیر ریلوےشیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو صاحب کہہ دیا، شیخ رشیدنے کہا کہ میں اپنے آپ کو وزارت اطلاعات کے قابل نہیں سمجھتا، وزارت چلانا فردوس عاشق اعوان صاحب کا کام ہے،صحافی نے ان سے کہا کہ شیخ صاحب آپ کی بھی زبان پھسل گئی، فردوس اعوان کو آپ نے صاحبہ سے صاحب بنادیا۔