• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
شاہد آفرید ی فاؤنڈیشن کی فنڈ ریزنگ مہم
معروف ادیب اور سابق بیوروکریٹ امان اللہ خان اور جہانگیر خان کا شاہد آفریدی کے ہمراہ گروپ فوٹو

یونیورسٹی گرانٹ کمیشن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق سیکریٹری اسپورٹس اور چھ کتابوں کے مصنف امان اللہ خان نے کہا ہے کہ خواتین کی تعلیم ،غریب اور نادار افراد کے لیے اسپتال سمیت شاہد آفریدی کی تنظیم شاہد آفرید ی فاؤنڈیشن جتنے بھی فلاحی کام کررہی ہے وہ لائق تحسین ہیں اور پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں کو ان نیک کاموں میں شاہد آفریدی کا ہاتھ بٹانا چاہیے ۔امان اللہ خان جو اسلامک یونیورسٹی کے اسپورٹس ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں نے شاہد آفریدی کے ساتھ فنڈ ریزنگ مقاصد کے لیے ساتھ دینے پر عالمی شہرت یافتہ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے وہ ہیروز ہیں جنھوں نے پہلے اپنے کھیل کے ذریعے پاکستان کی خدمت کی اور اب سماجی کاموں کے ذریعے پاکستانی قوم کی فلاح بہبود کے لیے کام کررہے ہیں ۔یہ ان سیاستدانوں سے بہت اچھے ہیں جو صرف الیکشن کے دنوں میں عوام کو نظر آتے ہیں اور اقتدار میں آکر ذاتی مفادات کے حصول کے لیے کوشاں ہوجاتے ہیں ۔امان اللہ خان جو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن میں بھی اسپورٹس انچارج رہ چکے ہیں جبکہ جہانگیر خان کے ساتھ بطور مینجر کویت سمیت کئی ممالک کا سفر بھی کرچکے ہیں نے بتایا کہ جہانگیر خان جتنے بڑے کھلاڑی ہیں اتنے ہی بڑے انسان بھی ہیں۔ زندگی میں کبھی غرور اور تکبر ان کی ذات کو چھو کر بھی نہیں گزرا یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی ان سے بڑے کام لے رہا ہے ۔جہانگیر خان جو ان دنوں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اور شاہد آفریدی اور ان کی ٹیم کے ہمراہ امریکا کے فنڈ ریزنگ دورے پر ہیں نے امان اللہ خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امان اللہ خان کی پاکستان میں اسپورٹس کے لیے خدمات قابل تعریف ہیں ، بطور کھلاڑی امان اللہ خان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات یاد گار ہیں ۔اس موقعے پر پاک جاپان بزنس کونسل امریکاچیپٹر کے ڈائریکٹر عامر شہزاد نے کہا کہ وہ پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کی ہدایات کے مطابق شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے اور کوشش کریں گے کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے ۔اس موقعے پر پی جےبی سی خواتین ونگ کی ڈائریکٹر زیب النساء نے بھی شاہد آفریدی اور جہانگیر خان کے فلاحی کاموں کی تعریف کی اور امریکامیں مقیم پاکستانیوں سے درخواست کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ شاہد آفریدی کے نیک کاموں میں ان کی مدد کریں اور زیادہ سے زیادہ فنڈز فراہم کریں ۔اس موقع پر پی جے بی سی کے صدر رانا عابد حسین نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے گلوبل سی ای او ذیشان افضل کو یقین دلایا کہ وہ مستقبل میں بھی ماضی کی طرح شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے اسپتال کے لیے عطیات اور طبی آلات کی فراہمی کو یقین بناتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال پی جے بی سی نے کوہاٹ میں شاہد آفریدی کے اسپتال کے لیے جاپان سے ایک لاکھ ڈالر کی طبی مشینیں عطیہ کی تھیں ۔

عین۔صدیقی ، نمائندہ جنگ،(ٹوکیو)

تازہ ترین