• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی ظفر نے میشا شفیع سے کیا گزارش کر دی؟

گلوکار و اداکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ میشا شفیع اور ان کے وکیلوں سے گزارش ہے کہ عدالت آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں۔

لاہور کی عدالت میں ادکارہ و گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف گلو کار و اداکار علی ظفر کے ہتکِ عزت کے دعوے کے کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج شکیل احمد نے کی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر دیگر گواہان کو شہادت کے لیے طلب کرلیا اور سماعت 4 مئی تک ملتوی کر دی۔

عدالت آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گلوکار علی ظفر کہتے ہیں کہ ان کے خلاف سوشل میڈیا پرمہم چلائی گئی۔

علی ظفر نے کہا کہ معزز ججز سے اپیل کرتا ہوں کہ جلد از جلد کیس کا فیصلہ سنایا جائے، جلد فیصلہ کیا جائے تاکہ میرا سچ اور ان کا جھوٹ سامنے آ جائے۔

انہوں نے کہا کہ میشا شفیع کی وکیل جعلی اکاؤنٹس کو فالو اور ری ٹوئٹ کر رہی ہیں، الزام لگانے والے کینیڈا چلے گئے، کیس کا فیصلہ جلد کیا جائے تاکہ سچ اور جھوٹ سامنے آسکے۔

علی ظفر کامزید کہنا ہے کہ میں حق پر ہوں اس لیے کورٹ آیا ہوں، جس شخص نے 20 سال اپنے فن سے مقام بنایا اس پر الزام لگا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جو حقائق سامنے آئے ہیں ان کے مطابق مجھے ذاتی مفاد کے لیے نشانہ بنایا گیا، کیا انہوں نے کینیڈا جانے کے لیےیہ کیس فائل کیا تھا تاکہ ان کی امیگریشن کا کام ہو سکے؟

علی ظفر نے یہ بھی کہا کہ میشا شفیع اور ان کے وکیلوں سے گزارش ہے کہ عدالت آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں۔

واضح رہے کہ علی ظفر نے میشا شفیع کے جنسی ہراسانی کے الزام کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔

تازہ ترین