• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی :مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے 8 سالہ بچی جاں بحق

کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے 8 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق بچی صبانور کو رات میں سانس کی تکلیف پر والد ظفر اقبال کلینک لے کر گے تھے، کلینک پر خود کو ڈاکٹر بتانے والے نے انجکشن لگایا تو بچی انتقال کرگئی۔

جاں بحق بچی کی والدہ فرزانہ ظفر کا کہنا تھا کہ بچی کو صرف نزلہ تھا، اسے چیک کئے بغیر انجکشن لگایا گیا،انجکشن لگتے ہی بچی کے منہ سے جھاگ نکلنے لگے۔

والدہ کے مطابق ڈاکٹر عدنان نے حالت دیکھ کر کہا کہ اب اسے دوسرے اسپتال لے کر جائو۔

صبا نور کی والدہ نے مزید کہا کہ کس کس کو بتائوں،کہاں جائوں؟ میر بچی واپس نہیں آئے گی۔

پولیس نے رات گئے چھاپا مارا اور اتائی کو گلشن اقبال سے گرفتار کرلیا،عدنان نامی اس شخص کو ڈاکٹر کی ڈگری کا بھی نہیں معلوم ہے۔

پولیس کے مطابق جناح اسپتال میں لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر ذکیہ نے بچی صبا کا پوسٹ مارٹم کرنے سے انکار کردیا اور پولیس کو جواب دیا کہ آج چھٹی ہے،پوسٹ مارٹم نہیں کروں گی۔

پولیس کے مطابق رات سے 8 سالہ بچی کی لاش جناح اسپتال کے مردہ خانے میں موجود ہے،پوسٹ مارٹم رپورٹ آنےکے بعد مقدمہ درج کریں گے۔

تازہ ترین