• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ننھی نشوا کے بعد 2 اور بچے جعلی ڈاکٹر، غفلت کی بھینٹ چڑھ گئے

ننھی نشوا کے بعد 2 اور بچے کراچی میں جعلی ڈاکٹر اور غفلت کی بھینٹ چڑھ گئے۔

گلشن اقبال میں 8 سالہ بچی صبا نور کی گلشن اقبال 13 ڈی میں غلط انجکشن اور ملیر کالا بورڈ کےقریب نجی اسپتال میں 3 ماہ کے حنین کی موت بھی زیادہ دوائی دینے سے ہوئی۔

پاکستان کے سب بڑے شہر میں بچوں کو صحیح علاج فراہم کرنے کے بجائے اسپتالوں اور کلینکس میں موت کا کھیل جاری ہے۔

والدین کے مطابق گزشتہ رات صبا نور کو سانس میں تکلیف کی شکایت پر کلینک لایا گیا،اتائی ڈاکٹر نے سوچے،سمجھے بغیر انجکشن لگادیا، جس سے 8سالہ بچی کے منہ سے جھاگ نکلنے لگ گئے اور اس کی حالت غیر ہوگئی،جس پر اسے دوسرے اسپتال لے جانے کا کہا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی ۔

ملیر میں 3ماہ کا حنین ہائی ڈوز کا شکار بن گیا،یرقان کے علاج کے دوران اس کا پہلے دماغ ناکارہ ہوگیا،پھر بچے کی آنکھ ضائع ہوئی اور پھر زندگی بھی نہ رہی۔

گلشن اقبال 13 ڈی ون کے عدنان کلینک میں 8 سالہ بچی صبا نور کو غلط انجکشن لگنے کا واقعہ سامنے آگیا، پولیس کے مطابق بچی کو سانس لینے میں تکلیف ہو رہی تھی، اس کے والد اسے لے کر قریبی کلینک پہنچے، مبینہ اتائی ڈاکٹر نے جیسے ہی صبا نور کو انجکشن لگایا بچی دم توڑ گئی۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد بچی کے والد نے پولیس سے رابطہ کیا، جس کے بعد چھاپہ مار کارروائیوں کے بعد عدنان کو گرفتار کرلیا گیا،گرفتار عدنان کو ایم بی بی ایس کا مطلب تک معلوم نہیں۔

والد نے بتایا کہ جب بچی کو انجکشن لگا تو اس کے منہ سے جھاگ نکلنے لگے جس پر ڈاکٹر نے دوسرے اسپتال جانے کا کہا، والدین بچی کو قریبی واقع دوسرے اسپتال لیکر گئے جہاں اسپتال والوں نے صبا کی موت کی تصدیق کردی۔

پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ بچی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد درج کیا جائیگا، پوسٹمارٹم کے لیے بچی کی لاش کو پہلے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا تاہم لیڈی ایم ایل او نہ ہونے کے باعث لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

جناح اسپتال کی لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر ذکیہ نے پہلے تو چھٹی کا بہانہ کرکے پوسٹ مارٹم کرنے سے انکار کیا تاہم جیونیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد بچی کا پوسٹ مارٹم کرنے اسپتال پہنچ گئیں۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے ملیر کالا بورڈ کے نجی اسپتال میں بھی ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے باعث 3 ماہ کا بچہ حنین ولد ارشد جوکھیو انتقال کرگیا۔

والد ارشد جوکھیوں کے مطابق ڈاکٹرز نے بچے کو ہائی ڈوز دوا دی، جس کا ری ایکشن ہوگیا ، بچہ دو روز تک تشویشناک حالت میں زیر علاج رہا اور دوسرے نجی اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔

تازہ ترین