• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی چیمپئنز ٹرافی نہ کھیلنے کا فیصلہ جلد بازی میں نہیں کیا، صدر فیڈریشن

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ جلد بازی میں نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ تفصیلی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ قومی ہاکی ٹیم تشکیل نو کے عمل سے گزر رہی اور یہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کا صحیح وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کےلئے ہم نے مختلف شہروں میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جس میں کئی باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔ خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ان کھلاڑیوں میں کئی ایسے ہیں جنہیں بین الاقوامی تجربہ حاصل نہیں۔ انٹرنیشنل مقابلوں کی تیاری کےلئے انہیں وقت چاہئے۔ چیمپئنز ٹرافی 10 سے 17 جون تک لندن میں ہوگی جس کےلئے ایف آئی ایچ نے پاکستان کو وائلڈ کارڈ کے ذریعے ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ ایف آئی ایچ کے صدر لینڈرو نیگرے نے اپنے ایک انٹرویو میں پاکستان کے ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اس پر صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ وہ لینڈرو نیگرے کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے وائلڈ کارڈ کے ذریعے ہمیں چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کی دعوت دی۔ وہ ایک اچھے انسان ہیں اور وہ انہیں ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے کی وجوہات بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف 2018 ورلڈ کپ ہے اور اس کےلئے مضبوط ٹیم تیار کی جائے گی، ہم ملکی مفاد میں ایسے ایونٹس پر پیسہ خرچ نہیں کرنا چاہتے جس میں ٹیم خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔
تازہ ترین