کراچی (شکیل یامین کانگا / اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور مصر کے لیجنڈ کھلاڑیوں کے درمیان سیریز آئندہ ماہ اپریل میں کراچی کے فور گلاس وال کورٹ پر ہوگی۔ سیریز میں شرکت کیلئے مصری کھلاڑیوں نے تصدیق کردی ہے۔ مصر کی پانچ رکنی ٹیم میں ٹاپ ٹین رینکنگ کھلاڑی شامل ہیں، اس موقع پر پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فور گلاس وال کورٹ پر مقابلے ہوں گے۔ پاکستان اسکواش کے سیکرٹری عامر نواز نے جنگ کو بتایا کہ سیریز کراچی کے پی ایف میوزیم میں ہوگی۔ مصری کھلاڑی 5 اپریل کو پاکستان آئیں گے۔ چھ اور سات کو مقابلے کریں گے۔ سیریز کیلئے کراچی میں فور گلاس وال کورٹ لگانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ پہلے مرحلے میں مصری اور پاکستانی کھلاڑی دوستانہ سیریز اس کورٹ پر کھیلیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں اس کورٹ پر روشن خان پارکو پی ایس اے ایونٹ کھیلی جائے گی۔ چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ رائونڈ کا آغاز 7اپریل سے ہوگا جس میں پری کوالیفائنگ، کوالیفائنگ اور مین رائونڈ کے مقابلے ہوں گے اس چیمپئن شپ کی انعامی رقم پندرہ ہزار ڈالرز ہوگی۔