سندھ رینجرز نے سی ٹی ڈی کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے شیر شاہ سے جنداللہ گروپ کے اہم دہشت گرد خان بادشاہ عرف عمر فاروق عرف خان عرف معاویہ عرف باچا عرف بہاری کو گرفتار کر لیا۔
سندھ رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سی ٹی ڈی پولیس کے ساتھ شیر شاہ کے علاقے پراچہ چوک میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جنداللہ گروپ کے اہم دہشت گرد ملزم خان بادشاہ کو گرفتار کیا ہے۔
ملزم سی ٹی ڈی کی جاری کردہ ریڈ بُک میں مطلوب دہشت گرد ہے، جس کا تعلق جنداللہ کے حاجی ممتاز عرف حمزہ عرف جونی گروپ سے ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔
ملزم 2007ء میں دہشت گردی کے لیے بھاری مقدار میں اسلحہ وزیرستان سے کراچی اسمگلنگ کرنے میں ملوث ہے، یہ اسلحہ شاہ لطیف ٹاؤن میں سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں استعمال کیا گیا۔
مئی 2007 ء میں ملزم نے راشد مہناس روڈ پر واقع بینک کے عملے کو یرغمال بنا کر 17 لاکھ روپے لوٹے، 2008 ء میں ملزم نے داؤد چورنگی پر ایک بینک میں 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی، ملزم نے 2008ء میں ملیر ہالٹ پر واقع بینک میں 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی جس کے دوران مزاحمت پر سیکیورٹی گارڈ کو بھی زخمی کیا۔
2010ء میں ملزم کا شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس کے ساتھ مقابلہ ہوا جس میں ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
اکتوبر 2013ء میں ملزم اتحاد ٹاؤن کے علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
نومبر 2017ء میں ملزم نے لیاقت مارکیٹ کے ایک بینک میں 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک پولیس اہلکار اور دو سیکیورٹی گارڈز کو قتل کیا۔
ملزم خان بادشاہ نے دھماکا خیز مواد بنانے کی بھی تربیت حاصل کر رکھی ہے۔