• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کے چند بڑے اور تیزی سے ترقی کرنے والے اداروں گوگل اور ناسا کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ دن کے اوقات میں تھوڑی دیر کے لیے سونا یا قیلولہ کرنا، انسان کی صحت اور اس کی کام کرنے کی صلاحیتوں کو بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔ انگریزی میں اسے Napیا Power napکہا جاتا ہے۔

قیلولہ نہ صرف نیند کی کمی کو دور کرتا ہے بلکہ دماغ کو تقویت پہنچاتا، پیچیدہ مسائل حل کرنے کی ذہنی صلاحیت بڑھاتا، یادداشت کو بہتر کرتااور سیکھنے کی صلاحیت بڑھاتا ہے۔ قیلولہ کرنے والے افراد ریاضی، منطق، ردِ عمل ظاہر کرنے اورنشانات کی شناخت کے معاملے میں دیگر افراد کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دِکھاتے ہیں۔ قیلولہ سے مزاج میں بہتری آتی ہے اور نیند اور تھکاوٹ کا احساس ختم ہوجاتا ہے۔ صرف یہی نہیںقیلولہ دل، بلڈ پریشر، اسٹریس لیول اور حیران کن طور پر وزن پر قابو پانے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔

قیلولہ کا دورانیہ

قیلولہ یا مختصر دورانیہ کی نیند دن کے اوقات میں عموماً دوپہر ایک بجے سے لے کر چار بجے کے درمیان کسی بھی وقت لی جاسکتی ہے۔ قیلولہ کا دورانیہ عموماً 10منٹ سے لے کر 30منٹ تک کا ہوتا ہے۔ ایک گھنٹے سے زیادہ سونے کی صورت میں Sleep inertiaپیدا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں جاگنے کے بعد بھی نیند کا احساس رہتا ہے اور انسان سستی محسوس کرتا ہے۔ سہ پہر چار بجے کے بعد قیلولہ کرنے کی تجویز نہیں دی جاتی، کیونکہ اس سے رات کی نیند متاثر ہونے کا امکان ہوتا ہے۔

البتہ، قیلولہ کے اوقات کار کے حوالے سے کوئی واضح سائنسی اصول موجود نہیں ہے۔ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کی سائنسدان اور Take a Nap! Change Your Lifeکی مصنفہ سارا میڈنِک کہتی ہیں کہ مختلف دورانیہ کے قیلولہ کے مختلف فوائد ہیں۔ مثلاً10سے20منٹ کا قیلولہ دماغ کی چستی کو بڑھاتا ہے، جس کے بعد نیند اور تھکاوٹ کا احساس، تازگی اور تیزی میں بدل جاتا ہے۔ تاہم وہ 30منٹ کے قیلولہ کو پسند نہیں کرتی ہیں کیونکہ ان کے خیال میں اتنا طویل قیلولہ نیند کو غالب کردیتا ہے، جس کے بعد نارمل ہونے میں وقت لگتا ہے۔ سارا میڈنِک 60منٹ دورانیہ کا قیلولہ بھی پسند کرتی ہیں کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ یہ ہماری ادراکی یادداشت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ یہاں یہ بتانا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ، تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ چھ منٹ دورانیہ کا قیلولہ، جسے Ultra-short sleep episodeکہا گیا ہے، طویل مدتی یادداشت کو بہتر بناتاہے۔

قیلولہ کیسے کام کرتا ہے؟

جب ہم سو رہے ہوتے ہیں تو ہمارا دماغ 90منٹ سے لے کر 120منٹ دورانیہ کے گول دائرے میں مختلف مراحل میں چکر کاٹتا ہے۔ ان مراحل (Stages)میں Non-rapid eye movement (NREM)اور Rapid eye movement (REM)شامل ہیں۔ NREMنیند کے دوران ہمارا دماغ سست لہروں میں سفر کرتا ہے، جوکہ نیند کی سب سے گہری قسم ہوتی ہے۔ سست لہروں میں سفر کرنے والی نیند ہمیں حقائق، مقامات اور چہرے یاد رکھنے میں مدد دیتی ہے اور سارا میڈنِک اسی وجہ سے 60منٹ دورانیہ کے قیلولہ کو پسند کرتی ہیں۔

قیلولہ کو چار اقسام میں تقسیم کیا جاسکتا ہے

ارادی قیلولہ: ارادی قیلولہ کو قبل از وقت قیلولہ (Preemptive nap)بھی کہا جاتا ہے۔ دوسرے الفاظ میں اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ کو ابھی نیند نہیں آرہی لیکن آپ کو اندازہ ہے کہ بعد میں آپ کو نیند کا جھونکا اپنی آغوش میں بہاکر لے جا سکتا ہے اور آپ ایسا ہونے سے پہلے ہی قیلولہ کر لیتے ہیں۔

ایمرجنسی قیلولہ: جیسا کہ نام سے ظاہر ہے یہ اس وقت لیا جاتا ہے جب اچانک سے نیند آپ کو اپنے غلبے میں لے لے اور آپ اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنے سے قاصر ہوں۔ ایمرجنسی قیلولہ خصوصاً ڈرائیونگ کرنے اور خطرناک مشینری پر کام کرنے والے افراد کو ضرور کرنا چاہیے۔

عادی قیلولہ: یہ وہ قیلولہ ہے، جس کے آپ عادی بن چکے ہوں اور ہر روز مقررہ وقت پر مخصوص وقت کے لیے آرام فرماتے ہوں۔

حسبِ منشا قیلولہ: یہ وہ قیلولہ ہوتا ہے جو آپ دن کے کسی بھی وقت لطف اندوز ہونے کے لیے کرتے ہیں۔

قیلولہ کسے لینا چاہیے؟

غالباً ہر شخص کو قیلولہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ماہرین کے مطابق، بے خوابی (Insomnia) کے شکار مریضوں کو قیلولہ نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ یہ ایسے افراد کی رات کی نیند کو مزید خراب کرنے با عث بنے گا اور محسوس ہوگا کہ جیسے اس کے بعد انھیں رات میں سونے کی ضرورت ہی نہیں رہی۔ مجموعی طور پر، ’اگر رات میں آپ اچھی نیند لینے کے بعد صبح تازہ دم اُٹھتے ہیں اور دن بھر چستی اور توانائی کے ساتھ کام کرنے کے قابل ہوتے ہیں توپھر آپ کو قیلولہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے‘۔

اگر آپ کو ایسا محسوس ہو کہ دن میں آپ کی کام کرنے کی صلاحیت متاثر ہورہی ہے، آپ حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر تیزی سے عمل درآمد نہیں کرپارہے، آپ دن بھر مختلف اوقات میں اونگھتے پائے جاتے ہیں یا پھر آپ کو لگے کہ دن بھر کوئی رکاوٹ ہے جسے آپ عبور نہیں کرپارہے تو آپ قیلولہ سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

تازہ ترین