پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹروں کی ہڑتال آج تیسرے دن بھی جاری ہے۔
میڈیکل ٹیچنگ انسٹیویشن ایکٹ کے خلاف آج تیسرے روز بھی جاری ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ینگ ڈاکٹرزکی جانب سے آج بھی مختلف اسپتالوں میں اوپی ڈیز میں کام بند ہے، سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال کے باعث چیک اپ نہ ہونے کی وجہ سے مریض شدید اذیت کا شکار ہیں۔
ینگ ڈاکٹر ز ایسو سی ایشن نے اعلا ن کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو وہ ایمرجنسی وارڈ میں بھی کام بند کر دیں گے۔
ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ایم ٹی آئی ایکٹ مریضوں اور ڈاکٹروں پر ظلم ہے، یہ ایکٹ واپس نہ لیا گیا تو اسپتالوں میں تمام سروسز معطل کر دیں گے۔
آج تیسرے روز بھی پنجاب کے مختلف شہروں ملتان، سرگودھا، سیالکوٹ، فیصل آباد، گجرات میں بھی ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کی جزوی ہڑتال کےباعث مریض رُل گئے، خصوصاً دور دراز سے آئے مریض ڈاکٹروں کی ہڑتال سے بے حد پریشان ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اسپتالوں کی مجوزہ نجکاری اور ڈاکٹرز کی پرائیویٹ پریکٹیس کی آمدنی سے 30 فیصد آمدنی سرکاری اسپتالوں کو دینا انہیں ہرگز قبول نہیں۔
دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسویسی ایشن بھی اس بل کے خلاف اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔