• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت پاکستان سے 7 گنا بڑا ہونے کے باوجود عدم تحفظ کا شکار ہے، احسن اقبال


وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان سے 7 گنا بڑا اور صدیوں کی تاریخ کے باوجود عدم تحفظ کا شکار ہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان کا پانی بند کرنے کا ردعمل وہی ہوگا جو کسی اعلان جنگ کا ہونا چاہیے۔

اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ بھارت سے نسبتاً چھوٹا ملک پاکستان جسے قائم ہوئے صرف 77 سال ہوئے ہیں جرات اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سانحہ جعفرآباد ایکسپریس کے بعد پاکستان نے داخلی اقدامات سے درست کرنے کا عزم کیا، حالانکہ جعفر ایکسپریس دہشتگردی میں بیرونی ہاتھوں کے واضح ثبوت بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے پہلگام المیہ پر ناکامی چھپانے کےلیے فوری طور پر پاکستان پر الزامات کی بارش کی۔

علاوہ ازیں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ بھارت اب سب سے بڑی جمہوریت نہیں، مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کی سب سے بڑی قتل گاہ ہے، نریندر مودی اسرائیلی پالیسی پر چلتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو غزہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان کا پانی بند کرنے کا ردعمل وہی ہوگا جو کسی اعلان جنگ کا ہونا چاہیے، دریاؤں پر کسی رکاوٹ، کسی ڈیم پر لگنے والی پہلی اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید