پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 16ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی اور ایونٹ میں اپنی تیسری فتح حاصل کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے 186 رنز کا ہدف 5 وکٹ کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
فاتح ٹیم کی طرف سے ڈیرل مچل نے 38 گیندوں پر 64 رنز بنائے، اس دوران انہوں نے 4 چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے۔
لاہور قلندرز کے دیگر بیٹرز میں عبداللّٰہ شفیق 34، فخر زمان 28، محمد نعیم 6 اور سیم بلنگز صفر رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
سکندر رضا نے ناقابل شکست 40 رنز بنائے جبکہ آصف علی 1 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ملتان سلطانز کے عبید شاہ نے 2، محمد حسنین، عاکف جاوید اور جوش لٹل نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
ڈیرل مچل کو میچ میں آل راونڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے لیے 186 رنز کا ہدف سیٹ کیا، یاسر خان 24، عثمان خان 18 اور شائے ہوپ 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان محمد رضوان نے 48 گیندوں پر 76 رنز بنائے، ناقابل شکست رہنے والے بیٹر نے اس دوران 3 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔
دوسری طرف کامران غلام نے کپتان کا پورا ساتھ دیا، 31 گیندوں پر 52 رنز کی باری کھیلنے والے بیٹر نے 4 چھکے اور 2 چوکے لگائے، اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔
دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ پر 59 گیندوں پر 115 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران شاہین آفریدی، حارث رؤف، آصف آفریدی سمیت کسی بھی بولر کی ایک نہ چلنے دی۔
لاہور قلندرز کی طرف سے ٹام کرن، حارث روف اور ڈیرل مچل نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیصلہ کیا تھا، میچ میں لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی نے کی جبکہ ملتان سلطانز کی کپتانی کے فرائض محمد رضوان نبھائے۔
سیزن 10 میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کا چھٹا میچ تھا، شاہین آفریدی الیون نے اس سے قبل 2 میچز جیتے جبکہ 3 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اسی طرح ملتان سلطانز کو صرف 1 میچ میں فتح ملی ہے جبکہ 4 میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس میچ میں لاہورقلندرز کی فائنل الیون میں فخر زمان، عبداللّٰہ شفیق، سکندر رضا، محمد نعیم، ڈیرل مچل، سیم بلنگز، شاہین آفریدی، آصف علی، حارث رؤف، ٹام کرن اور آصف آفریدی شامل تھے۔
دوسری طرف ملتان سلطانز کی ٹیم میں شائی ہوپ، عثمان خان، کامران غلام، محمد رضوان، افتخار احمد، مائیکل بریسویل، عاکف جاوید، محمد حسنین، عبیدشاہ اور جوشوا لٹل کھیل رہے تھے۔