• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام انتظامات مکمل، پاکستان سے پہلی حج پرواز 29 اپریل کو روانہ ہوگی، وزارت مذہبی امور

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ پاکستان سے پہلی حج پرواز 29 اپریل کو روانہ ہوگی۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ عازمین کو سرکاری حج اسکیم کے تحت 342 پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔

سرکاری اسکیم کے تحت 89 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا۔  

عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن 33 روز جاری رہے گا، پاکستان سے آخری حج پرواز 31 مئی کو روانہ ہوگی۔

حج پروازوں کے آغاز پر پہلے 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔

حج آپریشن کے پہلے روز 6 پروازیں سعودی عرب کےلیے روانہ ہوں گی، 29 اپریل کو لاہور سے دو جبکہ اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور ملتان سے ایک ایک پرواز روانہ ہوگی۔

اسلام آباد سے 29 اپریل کو قومی ایئرلائن کی پرواز صبح پونے پانچ بجے روانہ ہوگی، یہ پرواز 393 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔

لاہور سے نجی ایئرلائنز کی پرواز صبح ساڑھے آٹھ بجے 150 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ جائے گی، کوئٹہ سے قومی ایئرلائن کی پرواز صبح ساڑھے نو بجے روانہ ہوگی۔ کوئٹہ سے بھی 150 مسافروں کے ساتھ قومی ایئرلائن کی پرواز روانہ ہوگی۔

ملتان سے قومی ایئرلائن کی پرواز رات سوا 8 بجے روانہ ہوگی، ملتان سےقومی ایئرلائن کی پرواز 393 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔ 

اسی طرح کراچی سے نجی ایئرلائن کی پرواز رات ساڑھے نو بجے روانہ ہوگی، کراچی سے نجی ایئرلائن کی پرواز سے 285 عازمین سعودی عرب جائیں گے۔

لاہور سے دوسری پرواز 329 عازمین کے ساتھ رات سوا 10 بجے روانہ ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید