ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ہمارے ہیں ان کا احترام کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی جدوجہد کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں، میں صرف شہید بھٹو کا نہیں سب کا نمائندہ ہوں۔
دادو میں مورو پل کے مقام پر دریائے سندھ پر متنازع کینالوں کے خلاف پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے دھرنے سے خطاب میں ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ سے 6 کینال نکالنے کے منصوبے کے خاتمے کا ہمیں نوٹیفکیشن دکھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس بچوں اور طلبہ پر لاٹھی چارج کر رہی ہے، پانی نہیں ہوگا تو تم بھی مروگے، یہ طلبہ اور بچے سب کے حقوق کےلیے لڑ رہے ہیں، ہمیں ہر صورت متحد رہنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں صرف شہید بھٹو کا نہیں، سب کا ہوں، سندھ یونائیٹڈ پارٹی سمیت تمام غیر سیاسی افراد کا بھی نمائندہ ہوں، دریائے سندھ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔