بھارتی اسپتال نے بقایا جات کی عدم ادائیگی پر پاکستانی آریان شاہ کی میت لواحقین کو دینے سے انکار کردیا تھا۔
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے آریان شاہ پھیپھڑوں اور دل کی ٹرانسپلانٹ کےلیے بھارت گیا تھا، جو گزشتہ روز چنائے میں دوران علاج انتقال کر گیا تھا۔
فیملی ذرائع کے مطابق علاج کے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر میت اسپتال والوں نے دینے سے انکار کردیا تھا اور ساتھ ہی والدہ کو زبردستی بھارت سے چلے جانے کا کہا تھا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے آریان شاہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، ساتھ ہی میت اور لواحقین کی وطن واپسی تک رہنمائی اور معاونت دینے کی ہدایت کی۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے آریان کی والدہ کی اپیل کا نوٹس لیا اور کہا کہ بھارتی اسپتال کے تمام اخراجات صوبائی حکومت ادا کرے گی۔
ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ آریان کی میت کی واپسی کےلیے حکومت بلوچستان نے وزارت خارجہ سے رابطہ کیا ہے، آریان کی میت اور لواحقین کی واپسی کےلیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
شاہد رند نے مزید کہا کہ تمام فضائی اخراجات بھی حکومت بلوچستان ادا کر رہی ہے، صوبائی حکومت لواحقین سے مسلسل رابطے میں ہے اور ہم معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
بھارت میں دوران علاج انتقال کرنے والے نوجوان کے والد شاہ جہان نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ 6 دسمبر کو آریان کے علاج کےلیے بھارتی شہر چنائے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹا آریان گزشتہ روز بھارت کے نجی اسپتال میں انتقال کر گیا، اپیل کرتا ہوں کہ آریان کی میت کو جلد پاکستان لانے میں ہماری مدد کی جائے۔