• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کے دور میں اسمارٹ فونز اور گیجٹس رکھنے والے بمشکل ہی ایسے افراد ملیں گے، جن میں فوٹو کھینچنے کا شوق نہ پایا جاتا ہو۔بچے، بوڑھے یا جوان غالباً ہر ایک شخص موبائل ہاتھ میں لیےمختلف تقاریب یا پکنک پوائنٹس پر تصویریں کھینچتا نظر آتا ہے۔ تاہم اگر یہ شوق جنون کی حد تک پایا جائے تو ایک آرٹ کی شکل اختیار کرجاتا ہے۔ ایک ایسا آرٹ جس کے ذریعے زندگی کا کوئی بھی لمحہ عکس بند کیا جاسکتا ہے یا زندگی کے خوبصورت لمحوں کی عکاسی کی جاسکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں فوٹوگرافی ایک کامیاب پیشہ بن گئی ہے لیکن دنیا میں ہر شخص اچھی تصویر کھینچنے کے فن سے آگاہ نہیں ہوتا۔ بظاہر فوٹوگراف لینابالکل عام اور آسان تصور کیا جاتا ہے لیکن درحقیقت یہ ایک مشکل کام ہے، مثال کے طور پرکسی بھی لمحے کو براہ راست اثر انداز ہونے والے عوامل کےساتھ خوبصورت اور دلکش انداز میں کیمرے میں محفوظ کرنا ایک پیشہ ور فوٹوگرافر کا ہی کام ہوسکتا ہے۔ اس فن میں مہارت کے لیے جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، وہ پریکٹیکل ٹریننگ اور ان باریک بینیوں کو جاننے کی ہے، جن کا علم ایک فوٹوگرافر کو ہونا لازمی ہے۔ اگر آپ بھی فوٹوگرافی کا شوق رکھتے ہیں تو درج ذیل طریقہ کار اس شعبے میں مہارت کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔

آٹو سیٹنگ نہ کریں

بعض اوقات کیمرے کی آٹو سیٹنگ، تصویر لیتے وقت بالکل بھی کارآمد ثابت نہیں ہوتی۔ ہوسکتا ہے کہ کچھ لوگ اس بات سے متفق نہ ہوں لیکن ایکسپرٹ فوٹوگرافرز کے مطابق اگر آپ درست اور پیشہ ورانہ اندازمیں کسی بھی لمحے کو کیمرے کی آنکھ میں قید کرنا چاہتے ہیں تو اپنی کیمرے کی سیٹنگ کو آٹو سے ہٹادیں، آٹو سے ہٹانے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ کیمرے کی سیٹنگ کو سین موڈ مثلاًپورٹریٹ موڈ یا نائٹ موڈ میں تبدیل کردیں،یہ سیٹنگ آپ کی تصویر بہتر طور پر لینے میں مددگار ثابت ہوگی۔

فوٹوگرافی کی کلاسز لیں

اگر آپ ایک بہترین فوٹوگرافر بننا چاہتے ہیں تو اس کا بہترین طریقہ فوٹوگرافی کی کلاسز ہیں۔ سب سے پہلے اس بات کا تعین کریں کہ آپ فوٹوگرافی کی کس شاخ میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں، مثلاً آپ وائلڈ لائف فوٹوگرافر بننا چاہتے ہیں، اسٹریٹ فوٹوگرافر، ہسٹوریکل فوٹوگرافر یا پھر ویڈنگ فوٹوگرافر۔ فوٹوگرافی کی کسی ایک شاخ کا تعین کرنے کے بعد کوئی بھی ادارہ جوائن کرلیں۔ ادارے میں داخلے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ وہاں آپ کومرحلہ وار (step by step) فوٹوگرافی سے متعلق معلومات دی جاتی ہیں۔ اگر آپ کسی ادارے میں داخلہ کے خواہش مند نہیں ہیں تو آپ آن لائن کورسز اور انٹرنیٹ پر موجود معلوماتی ویڈیوز اورٹرکس کے ذریعے بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

پریکٹس کریں

جب آپ کسی بھی چیز کو سیکھنے کے ابتدائی مراحل میں ہوتے ہیں تو جو چیز سب سے زیادہ فائدہ مند تصور کی جاتی ہے، وہ پریکٹس ہے۔ فوٹوگرافی بھی ایک ایسا ہی پیشہ ہے، جتنی بار آپ پریکٹس کریں گے، اتنی ہی زیادہ آپ کو مہارت حاصل ہوگی اور فوٹوگرافی کرنے میں اعتماد بحال ہوگا۔ پریکٹس کے لیے ضروری ہے کہ آپ ہر منظر کو کیمرے کی آنکھ سے دیکھیں، ہر منظر میں کچھ اچھوتا پن تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ اس طرح کرنے سے آپ محسوس کریں گے کہ نہ صرف آپ کی فوٹوگرافی اسکلز بہتر ہورہی ہیں بلکہ بہت سے قیمتی لمحات بھی اس دوران آپ کے کیمرے میں قید ہوچکے ہیں۔

فوکل پوائنٹ پر توجہ مرکوز کریں

تصویر کی توجہ کا مرکز اس شے یا شخص پر رکھیں، جسے آپ کیمرے کے ذریعے عکس بند کرنا چاہتے ہیں۔ اگرچہ یہ فوکل پوائنٹ مختلف حالات میں شارپ امیجز لے گا لیکن کریٹو فوٹوگرافی کیلئے یہ امر ضروری سمجھا جاتا ہے۔ فوٹوگرافی کیلئے آپ کامنتخب کردہ سبجیکٹ سینٹر فریم میں ہونا ضروری ہے۔ لہٰذا آپ کو سب سے پہلے جس چیز میں مہارت حاصل کرنے کی ضرورت ہے، وہ سبجیکٹ پر آپ کے کیمرے کا فوکس ہونا ہے۔

ایڈیٹ کرنا سیکھیں

جی ہاں! اگر آپ ایک کامیاب فوٹوگرافر بننا چاہتے ہیں تو نہ صرف فوٹوگراف کھیچنا بلکہ اسے ایڈیٹ کرنا بھی سیکھیں ۔ ایڈیٹنگ آپ کی تصویروں کو مختلف طرح کے ردوبدل کے ذریعےمزید خوبصورت اور نمایاں کرتی ہے۔ ایڈیٹنگ سیکھنے کے دوران آپ یہ جانیں گے کہ کون سی تصویر بہت زیادہ ڈارک اور کون سی تصویر برائٹ بہتر لگے گی یا کس تصویر کو بہترکمپوزیشن کے ذریعے کراپ(Crop) کرنا بہتر ہے۔ ایڈیٹنگ سیکھنے کے لیے بےشمار سوفٹ ویئر پروگرامز موجود ہیں لیکن ماہرین کے مطابق جن دو کا سیکھنا ایک فوٹوگرافر کے لیے بے حد ضروری ہے، وہ فوٹوشاپ اور لائٹ روم پروگرام ہیں۔

روشنی کا متاثر کن استعمال

ایک اچھی تصویر کا انحصار لائٹنگ پر ہوتا ہے، اس کے بغیر فوٹوگرافی بہتر نہیں ہوسکتی۔ اگر آپ فوٹوگرافی میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیںتو آپ کو لائٹنگ کے استعمال پر خاص توجہ دینی ہوگی کیونکہ کسی بھی تصویر میں روشنی کا تناسب معمولی تصویر کو بھی غیر معمولی بنا سکتا ہے۔ دنیا کےکامیاب ترین فوٹوگرافرز صبح اور شام کےوقت کو فوٹوگرافی کے لئے بہترین قرار دیتےہیںہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دوپہر کا وقت سورج کی تیز روشنی کے سبب فوٹوگرافی کے لیے بہترین ثابت نہیں ہوتا۔

تازہ ترین