نارووال، لاہور (نمائندہ جنگ، صباح نیوز، مانیٹرنگ سیل) مسلم لیگ (ن) کے سنیئر نائب صدر وسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ این آر او لینے اور دینے والے پر لعنت ہو، عمران خان سنبھل جائیں اب بھی وقت ہے، ملک میں آمریت کا خطرہ ہے، تم احتساب کرو گے تو ہم بھی کرینگے، پی ٹی آئی پانچ سال مکمل کرسکتی ہےمگر عوام برداشت نہیں کرسکتے، ملک میں سب سے بڑا ٹیکس چور خود عمران خان ہیں انکی چوری کے ثبوت ہم دینگے،مسلم لیگ ن کا بیانیہ وہی ہے جو نواز شریف اور شہباز شریف کا ہے، ملک کی ترقی کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے، آٹھ ماہ میں دگنی مہنگائی موجودہ حکومت کا تحفہ ہے، شہباز شریف دس پندرہ دن میں واپس آ جائینگے، گالم گلوچ سے ملک ترقی نہیں کرتے۔مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل وسابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کی کالونی بنادیاہے، پہلی بار مشیر خزانہ اور اسٹیٹ بنک کا گورنر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی مرضی سے لگایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار دونوں رہنمائوں نے نارووال میں پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب اور بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں اور نہ ہوسکتی ہے۔پہلے بھی یہ باتیں کرنے کی کوشش کی گئی لیکن یہ خام خیالی ذہن سے نکال دیں۔نوازشریف، شہبازشریف، احسن اقبال اور میرا بیانیہ ایک ہے۔ کھلے ذہن اور کان کھول کر سن لیں بیانیہ یہ ہے کہ پاکستان آئین اور قانون کے مطابق چلنا چاہیے۔ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر ملک کی ترقی اور سالمیت کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں کون این آر او مانگ رہا ہے۔ این آر او مانگنے اور دینے والے پر لعنت ہو۔ عمران خان اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ خود حقیقت بھول جاتے ہیں، آج عوام بھی پریشان ہیں کہ سچ کیا ہے۔آج بھی وقت ہے عمران خان سمجھ جائیں ورنہ سیاست پیچھے اور عوام آگے ہونگے۔ ملک میں پھر آمریت کا خطرہ ہے۔ شاہدخاقان نے کہا کہ شہباز شریف کی خواہش تھی کہ وہ اپنا عہدہ کسی اور کو دیں مگر مسلم لیگ (ن) میں تمام فیصلے نواز شریف کے چلتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان سب کا احتساب کریں مگر ہم بھی ان کا احتساب کرینگے ۔ اس ملک کا سب سے بڑا ٹیکس چور عمران خان ہے۔ انکی عطیات چوری کے ثبوت ہم دینگے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ایک وزیر دوائیوں کے پیسے کھا کر بھاگ گیا۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت نے وزیر خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے گورنر کو نکال دیا یہ انکی کارکردگی ہے، 8ماہ میں دگنی مہنگائی کبھی نہیں ہوئی، یہ عمران خان، شاہ محمود اور جو چلے گئے ان سورما ئوں کا تحفہ ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب دنیا میں پیٹرول کی قیمت بڑھتی ہے تب یہ قیمت بڑھائی جاتی ہے۔آج یہ بات عوام سے خفیہ رکھی جاتی ہے جب آج سے ایک سال پہلے تیل کی قیمت 65 ڈالر پر تھی تو پیٹرول 70 روپے پر تھا لیکن آج بھی قیمت 65 ڈالر ہے آج پھر پیٹرول مہنگا کیا جارہا ہے، عمران خان اور انکی ٹیم یہ عوام کو سمجھائیں۔قبل ازیں اسپورٹس اسٹیڈیم نارووال میں پیغام پاکستان کانفرنس برائے امن و قومی یکجہتی سے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم سب نے ملکر انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنا اور ان طاقتوں کو شکست دینی ہے جو نہیں چاہتیںکہ پاکستان ترقی کرے ۔ہمارا دین محبت اور امن کا پیغام دیتا ہے لہٰذاقومی ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال پر حملہ بھی انتہاء پسند سوچ کا نتیجہ تھا۔یہ حملہ احسن اقبال پر نہیں پاکستان پر تھا۔ ہم سب کو بھی اپنی صفوں میں اتحاد قائم کر کے انتہا پسندی کا مقابلہ کرنا ہے ۔بابائے قوم نے بھی یکجہتی اور ہم آہنگی کا پیغام دیاہے مگر افسوس آج مسلمان ہی مسلمان سے لڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی لیڈر کا رویہ ، لہجہ اور اسکی زبان ٹھیک نہیں ہو گی تو پھر ملک ترقی نہیں کریگا، پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے انتہا پسندی کی سوچ کو تبدیل کر کے مثبت سوچ اپنا ناہو گی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پیغام پاکستان کانفرنس کے نارووال میں انعقاد کا مقصد یہی ہے کہ ا س دھرتی پر ایک سال قبل میرا لہو بہا اور اس نوجوان کے ذہن میں نفرت اورتعصب کا زہر گھول دیاگیا جو میری جان لینے پر تل گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی ایک ملک کا نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے لہٰذا نارووال میں ایک ایسی یونیورسٹی بنائی جائے گی جس میں ہم سب ایک دوسرے کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا ہو اور قربانیاں دینے والوں کو ڈاکومنٹ کیا جا سکے۔جب تک سانس ہے خدمت کرتا رہوں گا۔بعد ازاں ادارہ تحقیقات اسلامی ،بین لاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے امن کے حوالہ سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پہلا ایوارڈ دیا گیا۔کانفرنس سے محمد راغب نعیمی مہتم جامعہ نعیمیہ لاہور، مولانا ابو الخیر آزاد چیئر مین مجلس علمائے پاکستان خطیب امام بادشاہی مسجد لاہور،رانا شفیق پسروری ممبر اسلامی نظریاتی کونسل،ڈاکٹر قبلہ ایاز چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل،رامیش سنگ اروڑاو دیگر نے بھی خطاب کیا۔