وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے عدالت سے سزا یافتہ مریم نواز کو نائب صدر مقرر کرکے سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیے جانے پر تنقید کی اور کہا کہ عہدوں میں ردوبدل ن لیگ کا حق ہے مگر کوئی قانون بھی ہوتا ہے کوئی قاعدہ بھی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو نائب صدر نام زد کرنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی ہے،عدالت کچھ شخصیات کو سیاسی عہدوں کے لیے نااہل قرار دے چکی ہے، جو بھی قانون کی زد میں ہو وہ ایسا کوئی عہدہ نہیں رکھ سکتا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حیران ہوں آئی ایم ایف کے پاس جانے کا طعنہ وہ لوگ دے رہے ہیں جو خود سب سے پہلے آئی ایم ایف کے پاس گئے۔
وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ کیا ن لیگ 2013ء میں آئی ایم ایف کے پاس نہیں گئی؟ کیا پیپلز پارٹی نے آئی ایم ایف سے رجوع نہیں کیا؟
ان کا کہنا تھا کہ ای سی سی نے غور کرکے قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی، اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جاتا تو خسارے میں اضافہ کرنا پڑتا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بین الاقوامی اضافے کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا، آج بھی اس ریجن میں تیل درآمد کرنے والے ملکوں سے پاکستان کی قیمتیں نسبتاً کم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کل ن لیگ قومی اسمبلی اجلاس میں اپنے پارٹی فیصلوں پر اعتماد میں لے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ ق کو کوئی تحفظات نہیں ہیں،ق لیگ کا وضاحتی بیان آچکا ہے،ان باتوں کو ہوا دینے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرا کوئی گروپ نہیں، میرا گروپ پاکستان تحریک انصاف ہے اور اسد عمر پی ٹی آئی کا اثاثہ تھے،ہیں اور رہیں گے۔