کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان کے یوٹیلیٹی اسٹورز میں سامان ختم ہو گیا ، کوئٹہ سمیت صوبے کے 7زونز میں 232اسٹورز میں بنیادی اشیاء نا پید ہوگئیں ، سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس بلوچستان نور محمد جوگیزئی نے منگل کو منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے نام لکھے گئے مراسلے میں انکشاف کیا ہے کہ بلوچستان کے سات زونز کے 232 یوٹیلیٹی سٹور میں اشیاء خوردونوش دستیاب نہیں ہیں،رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ذمہ داری ہے جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے یوٹیلیٹی سٹورز پر ضروری اشیاء نہ ہونے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں ،مراسلے میں کہا گیا کہ کوئٹہ کے سرکی روڈ پر وئیر ہاؤس،سپر مارکیٹ سیٹلائٹ ٹاؤن اور پوسٹل کالونی کے دورے پر آٹا، گھی ،چینی سمیت دیگر بنیادی اشیاء موجود نہیں تھیں جسکی وجہ سے حکومت کا منفی تاثر عوام میں جا رہا ہے جبکہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو بھی اس صورتحال سے فائد ہ اٹھا نے کا موقع ملے گا ۔لہذا یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔