وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں دھماکے کی شدید مذمت اور اس کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں داتا دربار کے باہر ہونے والے دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بھکر، سرگودھا اور شیخوپورہ کے دورے منسوخ کر دیے۔
انہوں نے امن وامان سے متعلق اجلاس بھی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں طلب کر لیا۔
ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
انہوں نے آئی جی پولیس اورایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی اور واقعے کی انکوائری کا حکم بھی دیا ہے۔