• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کے شہروں چکوال اور اٹک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفان آیا ہے جبکہ رات گئے لاہور اور گرد نواح میں بھی تیز ہوائیں چلیں، آندھی آئی اور کہیں کہیں پر بارش بھی ہوئی۔

چکوال اور اٹک آندھی اور طوفان کے باعث مختلف فیڈرز سے بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی۔

آئیسکو کے ترجمان کے مطابق متاثرہ فیڈرز سے بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا۔

رات گئے گجرات اور نواحی علاقوں میں بھی آندھی اور تیز ہواؤں سے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

گیپکو ترجمان کے مطابق گجرات میں بھی آندھی کے باعث گیپکو کے 11 فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

بنوں، ہزارہ، خیبر، پشاور اور سوات کے کئی علاقوں میں آندھی اور کہیں کہیں ہلکی بارش کی اطلاعات ملی ہیں، چاغی کے ضلع دالبندین میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

ترجمان پیسکو کے مطابق خیبرپختونخوا میں آندھی اور طوفان سے 28 فیڈرز متاثر ہوئے، بنوں، ہزارہ ٹو، خیبر، پشاور اور سوات سرکلز کے متعدد فیڈرز پر بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، جنوبی پنجاب اور سندھ میں موسم شدید گرم رہا، سب سے زیادہ بارش لسبیلہ میں 25 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہےگا، جنوبی پنجاب اور سندھ میں موسم آج بھی شدید گرم رہے گا۔

شام کے بعد مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان اور قلات میں آندھی کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

گوجرانوالہ، سرگودھا، راولپنڈی، ساہیوال، ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔

تازہ ترین