پاکستان میں سو شل میڈیا پر پولیو مخالف پروپیگنڈہ کرنے والوں کےخلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سو شل میڈیا پر موجود انسداد پولیو مہم مخالف سینکڑوں پوسٹس، ٹویٹس اور ویڈیوز کو ہٹا دیا گیا ہے۔
انسداد پولیو کےلیے وزیر اعظم کے فوک پرسن بابر بن عطاء کا کہنا ہے کہ کارروائی میں تیز ی فیس بک کے اعلیٰ حکام کے ساتھ طویل ویڈیو کانفرنس کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے اس معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کےانسداد پولیو معاون بابر عطاء کو ہنگامی مراسلہ بھجوا دیا۔
بابر بن عطاء کے مطابق بڑی تعداد میں پولیو مخالف فیس بک پوسٹس کا خاتمہ کردیاگیاہے، یو ٹیوب سے سینکڑوں کی تعداد میں پولیو مخالف ویڈیو ز ہٹادی گئیں، ٹویٹر سے بھی بڑی تعداد میں پولیو مخالف ٹویٹس کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ گوگل نے بھی یو ٹیوب پر پولیو مخالف مواد پھیلانے والوں کو وارننگ جاری کر دی ہے، حکومت نے اس معاملے پر قانونی چارہ جوئی کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔