امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران خان کل توبڑی باتیں کرتے تھے آج آئی ایم ایف کے دروازے پر سجدہ ریزہو گئے ہیں۔ آئی ایم ایف کےساتھ معاہدے کے بعد عوام کو سوائے مہنگائی کےاورکچھ نہیں ملےگا، اسے مسترد کرتے ہیں۔
لاہور میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کے آنے کے بعد مہنگائی میںمسلسل اضافہ ہوا ہے۔ آئی ایم ایف نےعوام کا خون چوسنے کی شرط پرقرضہ دینےکاوعدہ کیا ہے اور سات سو ارب کے مزید ٹیکس لگانے کا حکم دیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی جانب جانا خودکشی ہے۔ معاہدے کی صورت میں پوری قوم آئی ایم ایف کی غلام بن جائے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ بند کمروں میں ہونے والے فیصلوں کو مسترد کرتے ہیں، تمام معاہدوں کو اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کیا جائے۔