اسلام آباد(نمائندہ جنگ) قومی احتساب بیورو نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو 16 مئی کو طلب کر لیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق سابق صدر کو ہریش اینڈ کمپنی کیس میں طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہریش اینڈ کمپنی پارک لین کمپنی کی فرنٹ کمپنی ہے جس نے سندھ حکومت سے واٹر سپلائی کا ٹھیکہ لیا،نیب ذرائع کا بتانا ہے کہ سندھ میں واٹر منصوبہ پر کام نہیں کیا گیا، کمپنی کے اکاؤنٹ سے نو ڈیرو ہاؤس پر اخراجات کئے جاتے رہے، آصف زرداری کو گزشتہ ہفتے بھی طلب کیا گیا تھا، سابق صدر نے احتساب عدالت میں پیشی اور دیگر مصروفیات کی بناء پر 15 دن کا وقت مانگا تھا، زرداری کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے لی گئی ضمانت 15 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔ دوسری جانب نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر کی درخواست ضمانت پر جواب بھی تیار کر لیا ہے۔ نیب کی جانب سے تمام کیسز اور انکوائریز کی فہرست اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی جائیگی۔ آصف زرداری نے ایک اور نیب انکوائری میں ضمانت کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا،نیب کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کیخلاف نوری آباد پاور منصوبہ، ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کی انکوائری جاری ہیں جبکہ 4ریفرنسز پہلے ہی احتساب عدالت میں دائر کئے جاچکے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس کی کُل 22 انکوائریاں چل رہی ہیں اور سابق صدر نے ابتک 5مقدمات میں ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔