سابق وزیراعظم اوراپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم عمران خان کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر تنقید کردی۔
ایک بیان میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کل تک عمران خان اور اسد عمر ایمنسٹی اسکیم کو گالیاں دیتے تھے آج وہی چیز ٹھیک ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملکی معیشت کو تباہ کرنے کےبعد انہی پالیسیوں پر چلنے کی کوشش کر رہے ہیں، ڈر یہ ہے کہ عمران خان یوٹرن لے لیں گے اور کہیں گے کہ زبان پھسل گئی تھی۔
شاہد خاقان عباسی نے پارٹی رہنما امیر مقام کے بیٹے کی گرفتاری پر کہا کہ انتقامی کارروائی میں پہلے نیب تھی اب ایف آئی اے کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ایمنسٹی ہم نے دی تھی وہ بہت بری تھی، آج عمران خان نے جو دی ہے وہ بالکل ٹھیک ہے، ہر سال ٹیکس چوروں کو موقع نہیں دے سکتے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں ملک میں معیشت ترقی کرے لیکن حکومت کی پالیسیاں تو سامنے آئیں۔