• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ،حکومتی اراکین اسمبلی کی اپنے ہی وزراء کیخلاف احتجاج کی دھمکی

پشاور(این این آئی)صوبائی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے حکومتی اراکین اسمبلی اپنی ہی حکومت کے وزراء ، سرکاری محکموں اور افسروں کے رویے کے خلاف اکٹھے ہوگئے، پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کا مسائل حل نہ ہونے پر غم وغصے کا اظہار، احتجاج کی دھمکی ۔نجی ٹی وی کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ، فضل الہٰی، ارباب جہانداد ،ارباب وسیم ، پیرفدا ایڈوکیٹ اور دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں پشاور سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی ارکان نے اپنی ہی جماعت سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزراء کی جانب سے انھیں مناسب طریقے سے ڈیل نہ کرنے اور اپنے محکموں کے حوالے سے ارکان اسمبلی کے مسائل حل نہ کرنے پر غم وغصہ کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر ارکان اسمبلی نے پشاور کے انتظامی افسروں اور سرکاری محکموں کے غلط رویے کے خلاف بھی احتجاج کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ یہ معاملہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے سامنے اٹھایا جائیگا تاکہ وہ متعلقہ صوبائی وزراء،انتظامی افسروں اور سرکاری محکموں کے متعلقہ حکام سے بات کریں۔
تازہ ترین