اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)سابق صدرآصف علی زرداری نیب راولپنڈی میں پیش‘جعلی اکاونٹس کیس میں تین انکوائریز میں بیان قلمبند کروا دیا‘نیب ٹیم نے انہیں تین مختلف کیسوں میں سوالنامہ فراہم دیتے ہوئے 26مئی کو دوبارہ طلب کر لیا ہے اور سوالات کے جوابات بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے‘ ڈی جی نیب عرفان منگی کی سربراہی میں نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے ہریش کمپنی، مشکوک ٹرانزیکشن اور اوپل 225 منصوبے کی انکوائریز میں آصف زرداری کابیان ریکارڈ کیا۔نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے ڈیڑھ گھنٹے تک آصف زرداری سے پوچھ گچھ کی ‘ ذرائع کے مطابق نیب نے آصف زرداری کو 3 مختلف کیسوں میں سوالنامہ دیا ہے جبکہ پیشی کے موقع پر آصف زرداری سے مجموعی طور پر جے وی ایل کیس میں 26 سوال پوچھے گئے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری کو ودود انجینئرنگ کیس میں 30 سوالوں کا سوالنامہ دیا گیا جبکہ زین ملک اور مشتاق کیس میں 20 سوال دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب نیب نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو جمعرات کو طلب کر رکھا تھا تاہم انہوں نے ذاتی مصروفیات کے باعث 17 مئی کو نیب آفس میں پیش ہونے سے معذرت کرلی ۔