ملتان(نمائندہ جنگ…ایجنسیاں)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ احتجاج کا فائدہ نہیں ہوتا ،اپوزیشن شوق پورا کرکے دیکھ لے عوام سے ہوں ،عوام کا منتخب نمائندہ ہوں اور عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے۔وزارت خارجہ کی بھرپور مصروفیات کے باوجود جو بھی وقت ملتا ہے اہالیان ملتان اور حلقے این اے 156کے دوستوں کے ساتھ گزارتا ہوں۔ جب بھی وزیراعظم یا وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوتی ہے ملتان کے مسائل اور ترقیاتی فنڈز بارے گفتگو کرتا ہوں۔ اب بھی کوشش ہے کہ حالیہ اقتدار کے دوران حلقے اور ملتا ن کی ترقی کیلئے کچھ کر جاؤں۔ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام نہ صرف یہاں کی عوام کی دیرینہ خواہش ہے ۔بلکہ میں بحیثیت وائس چیئرمین تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے دلچسپی رکھتا ہوں۔ یہی وجہ ہے میں نے عمران خان سمیت تحریک انصاف کی قیادت کو جنوبی پنجاب صوبہ بارے قائل کیا اور حال ہی میں قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے بارے بل میرے ہاتھوں سے تیار کردہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دورہ ملتان کے دوران عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں حلقہ این اے 156کی مختلف یونین کونسلوں 37، 38، 39، 17 اور 19میں یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔