• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ نے انٹرنیشنل ایوارڈ اپنے نام کرلیا

کراچی (خبر ایجنسی )پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں منعقدہ تقریب میں اسلامک فنانس انڈسٹری میں بہترین کارکردگی پر سی آئی ایس اسلامک بینکنگ و فنانس ایوارڈ جیت لیا ہے۔ پی پی اے ایف نے یہ ایوارڈ پاکستان بھر میں بلاسود قرضوںکے پروگرام پر کامیابی سے عمل درآمد کرنے پر حاصل کیا ہے۔ سی آئی ایس اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس ایوارڈز الہدی سی آئی بی ای کا غیرمعمولی اعزاز ہے جس کا مقصد اسلامک مائیکروفنانس انڈسٹری کے تصور کو فروغ دینا اور شاندار کارکردگی کے حامل رہنماؤں کی حوصلہ افزائی ہے۔ یہ ایوارڈز بین الاقوامی مائیکروفنانس اداروں، تکافل و لیزنگ کمپنیوں، بینکوں اور اسلامک مائیکروفنانس کے شعبے میں غیرمعمولی خدمات پیش کرنے والے افراد کو 15 مختلف کٹیگریوں میں پیش کیا گیا۔ پی پی اے ایف کو بلاسود قرضوںکے پروگرام کے تحت پاکستان کے غریب ومتوسط طبقوں کے افراد بالخصوص خواتین کی مالی ضروریات پوری کرنے کی بنا پر اس ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا۔ قرضوں کے اس پروگرام کو اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ معاشرے کے جن طبقوں میں روایتی مائیکرو فنانس کا خیر مقدم نہیں کیا جاتا وہاں اسلامک مائیکروفنانس کو باآسانی قبول کیا جائے ۔ ان قرضہ جات کے حصول کے لئے ڈاکومینٹیشن، پروسیسنگ، انشورنس وغیرہ کے لئے کسی اضافی ادائیگی/ فیس کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس پروگرام کے تحت اپنا کاروبار کرنے کے لئے قرضوں کے بہترین استعمال کی تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے۔پی پی اے ایف کا بلاسود قرضوں کا پروگرام حکومت پاکستان کے ʼاحساس پروگرام کا حصہ ہے۔ یہ غربت کے خاتمہ اور سوشل سیفٹی ڈویژن کے تحت تخفیف غربت کے کام کیلئے بنیادی اقدام ہے۔ تاشقند میں تقسیم ایوارڈز کی اس تقریب میں ازبکستان میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر عرفان یوسف شامی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے اس فورم کا افتتاح کیا۔
تازہ ترین