• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت ملے گی یا نہیں؟فیصلہ آج ہوگا

Latest News
اسلام آباد......سنگین غداری کیس کے ملزم پرویز مشرف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت ملے گی یا نہیں ؟ سپریم کورٹ کا لارجر بنچ آج فیصلہ کرے گا۔

ملزم کے وکیل کہتے ہیں کہ بیرون ملک جانے کی فوری اجازت نہ ملی تو پرویز مشرف مفلوج ہو سکتے ہیں۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بنچ نے سنگین غداری کیس کے ملزم پرویز مشرف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے اور نام ای سی ایل سے نکالنے کے مقدمے کی سماعت کی۔

پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے مؤقف اختیار کیا کہ میڈیکل بورڈ نے رائے دی ہے کہ پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر کے علاج کے لیے فوری آپریشن ناگزیر ہے اور یہ آپریشن پاکستان میں نہیں ہوسکتا۔

چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ ہم آبزرویشن دینے میں بہت محتاط ہو گئے ہیں کیوں کہ پھر میڈیا میں بحث شروع ہوجاتی ہے، آپ نے جو میڈیکل سرٹیفیکیٹ دیے ہیں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے، ای سی ایل سے نام نکالنے کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل اور پرویز مشرف کی درخواست جمعرات کو سماعت کے لیے مقرر کر دیتے ہیں۔

فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو ایک بار باہر جانے دیا جائے فوری آپریشن نہ ہوا تو خدشہ ہے پرویز مشرف مفلوج ہو جائیں گے۔

عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاق کی اپیل اور پرویز مشرف کی درخواست کی سماعت بدھ کو لارجر بنچ میں مقرر کر دی۔ دوسری جانب خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں پرویز مشرف کو 31مارچ کو طلب کر رکھا ہے۔
تازہ ترین