• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ننھی فرشتہ زیادتی و قتل کیس، وزیراعظم کا سخت نوٹس، پاک فوج کی مذمت

اسلام آ باد،راولپنڈی ( نیوز رپورٹر،اپنے رپورٹر سے،خبر نگار،وقائع نگار،نمائندہ خصوصی،خصوصی نامہ نگار)وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد کے علاقےشہزاد ٹائون میں دس سالہ ننھی فرشتہ سے زیادتی کے بعد قتل کے واقعہ کا سخت نوٹس لےلیا، ڈی ایس پی شہزاد ٹائون سرکل محمد عابد کو معطل اور ایس پی رورل زون عمر خان کو او ایس ڈی بنا دیاگیا ہے، وزیر اعظم سیکرٹریٹ نے اسلام آبا د کے آئی جی عامر ذولفقار احمد خان اور ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید سے بھی پولیس کی ناقص کارکردگی کی رپورٹ طلب کر لی ہے،علاوہ ازیں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معصوم فرشتہ کا بہیمانہ قتل انتہائی قابل مذمت ہے، واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے،پاک فوج اس معاملے پر ہر قسم کی مدد کیلئے تیار ہے، شر پسند عناصر سے نئی نسل کےتحفظ کیلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو انسپکٹر جنرل پولیس محمد عامر ذوالفقار خان ننھی فرشتہ کے گھر پہنچ گئے اور اس کے والد گل نبی سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ملزموں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید بھی ان کے ہمراہ تھے، ایف آئی آر میں نامزد ایس ایچ او تھانہ شہزاد ٹائون غلام عباس اور تفتیشی افسر محمد ناصر کو بھی گرفتار کرلیاگیا ہے، بچی کے والد نے انصاف کی یقین دہانی پر آئی جی کا شکریہ ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ آئی جی کی باتوں پر پورا یقین اور اعتماد ہے،آئی جی نے اصل ملزموں تک پہنچنے کی یقین دہانی کرائی ہے،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ حمزہ شفقات نے منگل کو ہی اندوھناک واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیا تھا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بلاول ابڑو ایک ہفتے میں انکوائری مکمل کرکے رپورٹ دیں گے،علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق فرشتہ مہمند کے گھر گئے، اہلخانہ سے ملاقات، فاتحہ خوانی اور اظہار تعزیت کیا،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت کو کچھ وقت دیتے ہیں کہ آئندہ گھنٹوں میں اپنی ذمہ داری پوری کرے اور فرشتہ مہمند کے قاتلوں کو، اغوا کرنے والوں کو اور اس کی عصمت کو تار تار کرنے والوں کو چوک میں ایسی سزا دے کہ تاکہ کل کوئی اور درندہ اور وحشی اس طرح کوئی اقدام نہ کرے ،وہ سبق سیکھے اور آئندہ نسلیں بھی اس سے سبق سیکھیں، ہم شرمندہ ہیں رمضان میں بھی قوم کی بچی محفوظ نہیں،دریں اثناء سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سےپارلیمنٹ ہائوس میں فرشتہ کے والد گل نبی اور اس کے لواحقین نے ملاقات کی جس میں علی نواز اعوان اور آئی جی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے،سپیکر نے فرشتہ کے خاندان کو مکمل انصاف کی یقین دہانی کروائی اور کہا انصاف ہر صورت ہوگا اور انصاف ہوتا دکھائی دے گا، قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا،سینیٹر فیصل جاوید خان نے واقعہ کی شدید مذمت اور بچیوں کے تحفظ کیلئے مجوزہ قانون سازی کو التواءکا شکار کرنے پر بلاول زرداری پر کڑی تنقید کی اور کہا معصوم بچیوں کو درندگی سے بچانے کیلئے جامع ، موثر اور فوری قانون سازی وقت کا اہم تقاضا ہے، ادھر سینیٹر شیری رحمان پارٹی وفدکے ہمراہ فرشتہ کے گھر پہنچیں جہاں انہوں نے معصوم بچی کے والدین سے اظہار تعزیت کیا اور غفلت برتنے والے پولیس افسران کونوکری سے برطرف کرنے کا مطالبہ بھی کیا ، میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ قصور واقعے کے بعد بھی اس طرح کے واقعے دیکھنے کو مل رہے ہیں، معاملہ سینیٹ میں اٹھائیں گے، وفاقی دارلحکومت میں واقعہ پر وکلاء اور سول سوسائٹی نے احتجاج کرتے ہوئےملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے،ہائیکورٹ بار راولپنڈی کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس صدر ملک غلام مصظفی کندوال کی زیر قیادت ہوا جس میں سینئر نائب صدر سید حسنین کاظمی،جنرل سیکرٹری محمد فیصل ملک اور دیگر نے شرکت کی،اجلاس میں واقعہ کی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ یہ پولیس کی نااہلی ہے، اگر بروقت کارروائی کی جاتی تو ملزمان کبھی ایسی حرکت نہ کریں۔آل پاکستان پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویژن کے صدر ابراراحمد خان نے کہا ہے کہ اگر قصور میں زینب کے ساتھ ہونے والی زیادتی کرنے والے شخص کو قرار واقعی سزا دی جاتی تو آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوتے،ننھی فرشتہ کے گھر بدھ کو تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔

تازہ ترین