امریکا کی بات کریں تو وہاں نیا فیشن گلی محلّوں میں ترویج پاتا ہے، اسی لیے ہالی ووڈ سپر اسٹارز کو بھی ایک بار اسٹریٹ فیشن کی طرف دیکھ کر فیصلہ کرنا پڑتاہے کہ اب انہیں اپنے وارڈ روب میں کیا شامل کرنا چاہیے۔ ہالی ووڈسیلیبرٹیز کے انداز و اطوار دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو متاثر (Inspire) کرتے ہیں، اسی لیے رواں سال موسم گرما کیلئے پیرس سے میلان اور لند ن سے نیویارک تک سمر فیشن ویکس کی لائن لگ چکی ہے۔ آئیں دیکھیں اس بارکیا کچھ نیاہے ۔
بلیزرکے ساتھ بائیک شارٹس
وہ لباس جو فارغ اوقات یا آرام دہ اور پرسکون حالت میں پہنے جاتے ہیں انہیں لیژر (leisure)کہا جاتا ہے، جو ہم سب عموماً گرمیوں کے موسم میں پہنتے ہیں۔ ایک لباس وہ ہوتا ہے جو ایتھلیٹس پہنتے ہیں، جوزیادہ تر اسکن فرینڈلی اور اسکن فٹنگ کے ساتھ آتے ہیں۔ فیشن ڈیزائنرز نے دونوں کو ملا کر ایک نیا فیشن ایتھلیژر (Athleisure) اخترا ع کیا ہے۔ یعنی اسے ایتھلیٹس بھی پہن سکتے ہیں اور کیژول (Casual) پہننے والے بھی۔
اس موسم گرما میں آپ کو بہت سے لوگ بائیک شارٹس کے ساتھ ہلکے رنگوں اور فیبرک والا بلیزر پہنے نظرآئیں گے۔ سڑکوں پر گھومنے پھرنے یا شاپنگ پر جانے کیلئے اپنا یاجائے والا یہ فیشن اس قدر موزوں نہیں ہے کہ اسے پہن کر آپ جم جاسکیں۔ ہاں! اپنے دوستوں کے ساتھ ہینگ آئوٹ کرنا ہے تو آپ اسے زیب تن کرسکتے ہیں۔
اینیمل اسکن
جنگلی جانوروں کے ٹیکسچرز والے گہرے پرنٹس کا فیشن اگرچہ نیا نہیں لیکن اس بار اُمڈ کر آیا ہے، خاص طور پر لیپرڈ کا پرنٹ فیشن کی دلدادہ خواتین میں بہت مقبول ہے۔ یہ پرنٹ صرف شرٹس یا لونگ شرٹس پر ہی نہیں بلکہ پینٹ، کوٹ ، سوٹ، عام لباس وغیرہ پر بھی آپ کو نظر آئے گا۔ یہ پرنٹ برائون، اورنج، پیلے اورگرے سمیت کئی رنگوں میں دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ آپ کا پورا لباس جیسے جمپ سوٹ بھی لیپرڈ پرنٹ کا ہوسکتاہے، یہی نہیں آپ لیپرڈ پرنٹ کے بیگ اور جوتے بھی اپنے فیشن اسٹیٹمنٹ کا حصہ بنا سکتے ہیں۔
کلرڈ ٹارٹن
صرف لیپرڈ ہی رواں سال گرمیوں کا مقبول پرنٹ نہیں ہے بلکہ ٹارٹن بھی آپ کو نیویارک، لندن ، پیرس اور میلان میں نظر آئے گا۔ ٹھیک ہے فیشن ویک میں ریمپ پر نظر آنے والےسارے اسٹائل تو آپ نہیں اپناسکتیں لیکن اپنی شخصیت کے مطابق آپ اس فیشن کو ڈھال سکتی ہیں۔ اس فیشن کے رنگ لوگو ں کو آپ کی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ آپ ٹارٹن سوٹ، جیکٹ یا پینٹ استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ منفرد اور اور بولڈ کلرز جیسے کہ سرخ ، نیلا، ہرا یا پیلا رنگ منتخب کرسکتے ہیں۔
بوائیلر سوٹ
بوائیلر سوٹ ڈھیلا ڈھالا اور ایک ہی کپڑے میں سلا ہوا ہوتا ہے۔ لازمی امر ہے یہ فیشن آپ کو دوسروں میں نمایاں کرتاہے۔ اس ڈیزائن کو ون پیس (one piece)گارمنٹ بھی کہا جاتاتھا، جو گیراج یا مکینک کی دکان میں کام کرنے والے پہنتے تھے ۔ ڈانگری کی طرز کا یہ سوٹ فیشن کی دنیا کا ایک حصہ ہے۔ ا س قسم کے فیشن کیلئے آپ اپنی شخصیت کے مطابق رنگ او ر ڈیزائن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ لمبی آستینوں والا یہ جمپ سوٹ بہت سارے اسٹائلز میں دستیاب ہے ۔
لیونڈر ٹون
گزشتہ برس کا الٹرا وائلٹ یا پینٹون کلر والا یہ اسٹائل اس سال بھی آپ کو گلی محلّوں میں نظرآئے گالیکن اس بار اس کارنگ کچھ ہلکا کردیا گیاہے۔ لیونڈر فیملی کے شیڈز کی زبردست رینج اپنائے جانے کے بعد یہی تاثر ابھرتاہے کہ ہلکا بنفشی رنگ گرمیوں میں کافی ا ِ ن ہے ۔ یہ رنگ بھی آپ کو سرتاپا یعنی ڈریس، کوٹ، بوٹ یہاں تک کہ ایسیسریز میں بھی نظر آئے گا۔ اس رنگ سےنسوانی خوبصورتی کو چار چاند لگتے ہیں اور اسے پہن کر خوشی بھی محسوس ہوتی ہے۔
پَیچ ورک
کسی زمانے میں پیوند لگے کپڑے شرمندگی کا باعث ہوتے تھے اور پھٹے پرانے کپڑے نامساعد حالات والے لوگ پہنتے تھے۔لیکن اب ہزاروں روپوں والی جینز کو پہلے پھاڑتے ہیں، پھر اس کو پیوند لگادیتے ہیں۔ زمانے کی اس چال پر سبھی چل رہے ہیں۔
فیشن کی دنیا کے جدید ترین ٹرینڈز میں اب صرف جینز ہی پَیچ (Patch) والی نہیں ہوتی بلکہ اب آپ کو جمپ سوٹ، پینٹس اور دیگر لباس پر بھی پیوند لگے نظر آئیں گے۔ آپ تخلیقی (Creative) بن کر اپنے کپڑوں پر کسی متضاد رنگ کا پَیچ یعنی پیوندلگاکر شرمندہ ہونے کے بجائے بڑے فخر سے اپنے ڈیزائن کا لطف اُٹھاسکتے ہیں۔ اس قسم کے ڈیزائن کا فائدہ یہی ہے کہ ا س میں رنگوں کی تخصیص نہیں ہے، یہاں تک کہ آپ سیاہ رنگ کے کپڑوں پر پیچ ورک کرواکے اسے نیا ڈیزائن دے سکتے ہیں۔