• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں تیز ہوائیں اور بارش، کئی علاقوں میں بجلی غائب

لاہور اور گردونواح میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہے۔

اس کے علاوہ گوجرانوالہ، گجرات، قصور،چنیوٹ، حافظ آباد، فیصل آباد، شیخوپورہ، سرگودھا، استور، لوئردیر اور کوٹلی آزاد کشمیر میں بھی بارش ہوئی جبکہ مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔

لاہور اور اس کے گرد نواح میں آندھی کےساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم حسین ہو گیا، آندھی سے کئی مقامات پر درخت اُکھڑ گئے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

لاہور، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب میں صبح سے کالی گھٹائیں چھائی رہیں۔ شام کے وقت گرج چمک کے ساتھ خوش گوار ہوائیں چلنے لگیں اور موسم سہانا ہو گیا۔ شیخوپورہ کے قریب قوس و قزح کے رنگ الگ ہی بہار دکھاتے رہے۔

رات کے وقت کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے شہریوں کے چہرے کھِل اُٹھے، تاہم بعض مقامات پر آندھی سے درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے۔

فیروز پور روڈ پر بجلی کی تاروں پر آسمانی بجلی گری جس سے ملحقہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ لیسکو ریجن میں مجموعی طور پر 190 فیڈرز متاثر ہوئے۔ جس سے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آئندہ 24 گھنٹے مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین