قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹسمین آصف علی ورلڈکپ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرنے انگلینڈ روانہ ہوگئے ۔
مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی بیٹی دعا فاطمہ کی وفات کے باعث وطن واپس آئے تھے، سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے آصف علی کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ساتھ دینے پر وہ سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آصف علی آج صبح انگلینڈ روانہ ہوگئے ہیں، وہ آج ہی ٹیم کو جوائن کرلیں گے اور بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے وارم اپ میچ کے لئے ٹیم کو دستیاب ہونگے ۔
واضح رہے کہ آصف علی کی 2 سالہ بیٹی دعا فاطمہ کینسر کے موذی مرض کا شکار تھی اور کئی ماہ سے امریکا میں زیر علاج تھی، تاہم اس کے باوجود آصف علی دورہ انگلینڈ میں ٹیم کے ہمراہ موجود رہے اور بیٹی کے انتقال کے بعد اس کی تدفین کے لیے پاکستان روانہ ہوئے تھے۔