• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’چند لوگ فاٹا میں امن عمل خراب کرنا چاہتے ہیں‘‘

وزیر اطلاعات خیبر پختون خوا شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ چند لوگ فاٹا میں امن اور ترقی کا عمل خراب کرنا چاہتے ہیں۔

شوکت یوسف زئی نے گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں واقع خاڑ کمر چیک پوسٹ پر ایک گروہ کے حملے پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پی ٹی ایم کے معصوم ورکروں کو ہوشیار رہنا ہوگا۔


انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور قبائل نے کافی قربانیاں دی ہیں، فاٹا کے عوام کی بحالی اور ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز محسن جاوید اور علی وزیر کی سربراہی میں ایک گروہ نے شمالی وزیرستان کی خاڑکمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا، مذکورہ گروہ کی فائرنگ سے 5 فوجی جوان زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس گروہ کے حملے کا مقصد دہشت گردوں کے مشتبہ سہولت کار کو چھڑانے کے لیے دباؤ ڈالنا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبک 10 زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علی وزیر کو 8 ساتھیوں سمیت حراست میں لیا گیا تھا، جبکہ محسن جاوید مجمع کو مشتعل کرنے کے بعد فرار ہو گیا تھا، چیک پوسٹ پر براہِ راست فائرنگ بھی کی گئی تھی۔

فوجی دستوں نے اشتعال انگیزی کے سامنے تحمل کا مظاہرہ کیا تھا، تمام زخمیوں کو علاج کے لیے آرمی اسپتال منتقل کیا گیا۔

تازہ ترین