• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وادی شوال میں دہشتگردوں کا حملہ، پاک فوج کا جوان شہید

شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں مکی گڑھ پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کا جوان فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا یہ حملہ مؤثر جواب سے ناکام بنا دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پیٹرولنگ کے دوران بویا کے علاقے میں نالے سے فائرنگ سے قتل کیے گئے 5 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

یہ لاشیں گزشتہ روز حملے کا نشانہ بننے والی خاڑ کمر چیک پوسٹ سے ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے سے ملی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز محسن جاوید اور علی وزیر کی سربراہی میں ایک گروہ نے شمالی وزیرستان کی خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا، مذکورہ گروہ کی فائرنگ سے 5 فوجی جوان زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس گروہ کے حملے کا مقصد دہشت گردوں کے مشتبہ سہولت کار کو چھڑانے کے لیے دباؤ ڈالنا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 10 زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علی وزیر کو 8 ساتھیوں سمیت حراست میں لیا گیا تھا، جبکہ محسن جاوید مجمع کو مشتعل کرنے کے بعد فرار ہو گیا تھا، چیک پوسٹ پر براہِ راست فائرنگ بھی کی گئی تھی۔

فوجی دستوں نے اشتعال انگیزی کے سامنے تحمل کا مظاہرہ کیا تھا، تمام زخمیوں کو علاج کے لیے آرمی اسپتال منتقل کیا گیا۔

تازہ ترین