محکمہ داخلہ بلوچستان نے کوئٹہ میں یوم علیؓ کی مناسبت سے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ میں یوم علیؓ پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اس پابندی کا اطلاق آج سے ہوا ہے جو 2 روز تک رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شہریوں پر ہر قسم کا آتشیں اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
شہادت یوم علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی مناسبت سے کوئٹہ میں آج شام جلوس برآمد ہو گا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد کی رحمانیہ مسجد میں نماز جمعہ سے قبل ہونے والے دھماکے میں مسجد کے خطیب اور 3 نمازی شہید جبکہ 4بچوں سمیت 28 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
3 کلو دھماکا خیز مواد منبر کے نیچے رکھا گیا تھا جسے خطیبِ مسجد کے خطبہ شروع کرتے ہی ٹائم ڈیوائس کے ذریعے اڑا دیا گیا، دھماکے سے مسجد کے شیشوں، کھڑکیوں اور چھت کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
دھماکے کے نتیجے میں خطیب مولوی عطاالرحمٰن اور 2 نمازی شاہ زیب اور سلطان محمد موقع پر ہی شہید ہو گئے تھے جبکہ ایک زخمی نے دوسرے روز اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑا تھا۔