اسلام آباد......وزیراعظم نواز شریف کی حکومت نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ۔ وزیرداخلہ چودھری نثارنے کہا ہے کہ اس فیصلے کے پیچھے کوئی سایہ نہیں منڈلارہا۔
راہ ہموار ہوگئی، رکاوٹیں دور ہوگئیں،پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کا پروانہ مل گیا،سپریم کورٹ نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے پرویز مشرف کا نام ہٹانے کا فیصلہ برقرار رکھا اور حکومت نے انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی۔
اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بتایا کہ پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت مشاورت کے بعد دی گئی اور اس فیصلے کے پیچھے کوئی سایہ نہیں منڈلارہا۔
اپنی پریس کانفرنس کے دوران چودھری نثار نے کہا کہ کچھ لوگوں نے حکومت کے ہر اقدام پر تنقید کا ٹھیکا لے رکھا ہے،اجازت دو تو ایک مخصوص ٹولہ تنقید کرے گا نہیں تو دوسرا، پیپلز پارٹی کا نام لیے بغیر کہا کہ جنہوں نے مشرف کو گارڈ آف آنر دے کر رخصت کیا تھا وہ حکومت کے اقتدار میں رہنے کا حق کھونے کی باتیں کر رہے ہیں۔
چودھری نثار نے پرویز مشرف کی گزشتہ رات کی بکنگ کی خبروں کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی ایئرلائن سے آج ان کی روانگی تھی،مشرف کل تو نہ جاسکے لیکن اب حکومت کی اجازت کے بعد وہ علاج کے لیے جلد ازجلد باہر جانا چاہیں گے،ریڑھ کی ہڈی کے علاج کے لیے جس کی وجہ سے ڈاکٹروں کے بقول ان کا چلنا پھرنا بھی محال ہوچکا ہے،کہا جارہا ہے کہ مشرف کی پہلی منزل دبئی ہوگی جہاں ان کی رہائش گاہ کی سیکورٹی بھی بڑھادی گئی ہے، دبئی قیام کے بعد وہ امریکا روانہ ہوجائیں گے۔