• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نالائق اعظم خود کٹھ پتلی،ہمیں کیا این آر او دے گا، مریم نواز

لاہور( نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر نوازشریف جیل سے باہر ہو تو نالائق اعظم کی حکومت ایک دن نہیں چل سکتی ، تمہاری حیثیت ایک کٹھ پتلی او رمہرے کی ہے اور تم آنکھ کا اشارہ دیکھتے ہو،کہتے ہو این آر او نہیں دوں گا ، بتائو تم سے این آر او مانگ کون رہا ہے ،جو ہر بات کیلئے کسی کا محتاج ہو وہ کسی کو کیا این آر او دے گا، مودی اور واجپائی چل کر نواز شریف کے پاس آئے، چور دروازوں سے آنے والوں کے فون نہیں سنے جاتے، تم عوام اور ووٹ کے بل بوتے پر نہیں بلکہ سازش کر کے آئے ہو ، تمہیں نواز شریف کو جیل میں رکھنا پڑتا ہے، یوم تکبیر کے حوالے سے ماڈل ٹائون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی مریم نواز اور حمزہ شہباز کو نائب صدور کے عہدے دیتی ہے تو تمہاری ٹانگیں کانپنا شروع ہو جاتی ہیں ، میچ فکس کر کے عدالت کی طرف کیوں بھاگتے ہو، آئو میدان میں مقابلہ کرو، نالائقوں نا اہلوں کو حکومت دو گے تو ملک کا یہی حال ہوگا،ساز باز کر کے جعلی صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ لیتے ہو ،شمالی علاقے میں پیش آنے والے واقعہ پر حکومت کہیں نظر نہیں آئی ، یہ عسکری نہیں سیاسی فیصلہ تھا ، اگر تم کہتے ہو کہ ریاست پر حملہ ہوا تو ریاست کا سربراہ کون ہوتا ہے ؟ تم کیوں سامنے نہیں آئے اور سکیورٹی فورسز کو تنہا جواب دینا پڑا او رتم نے اسے متنازع بنا دیا ۔ اس موقع پر حمزہ شہباز ، رانا ثنا اللہ خان ، پرویز ملک ، شائستہ پرویز ملک سمیت اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مرد و خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ مریم نواز نے کہا کہ میں شرکاء کو دو مرتبہ سلام پیش کرتی ہوں ایک آپ کو اپنی بہن مریم نواز اور دوسرا سلام کوٹ لکھپت جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید نواز شریف کا سلام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی زندگیوں میں کبھی کبھی ایسے لمحات آتے ہیں جب کوئی جراتمندانہ بروقت اوربہادر فیصلہ قوم کی ہمیشہ ہمیشہ کیلئے تقدیر سنوار دیتا ہے ۔ یہ جراتمندانہ فیصلہ کرنے والا کون تھا ، بہادر لیڈر کون تھا جس نے 28مئی 1998ء کو چھ دھماکے کر کے پاکستان کے مستقبل ، سلامتی اور دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ۔ آج ملک او ر قوم کا محسن ، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والا ، دنیا کے نقشے پر پاکستا ن کو ایٹمی قوت کے طور پر متعارف کرانے والا کہاں بیٹھا ہے۔

تازہ ترین