اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اسلامی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے جدہ پہنچ گئے، شاہ محمود قریشی سعودی عرب میں او آئی سی ممالک کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے، اس موقع پر سعودی عرب میں کشمیررابطہ گروپ کااجلاس بھی متوقع ہے، شاہ محمود کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نئے امن منصوبوں اور ایران کی صورتحال پر بات ہوگی ، پاکستان اجلاس میں اپنانکتہ نظرپیش کریگا۔ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائرپورٹ کے رائل ٹرمینل پر سعودی وزارت خارجہ کے چیف آف پروٹوکول جمال ناصرپاکستان کے سعودی عرب میں سفیر راجہ علی اعجاز اور جدہ قونصلیٹ کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے کیا، اس موقع پر سعودی رائل پروٹوکول کے حکام بھی موجود تھے۔ یہ اجلاس 29مئی کو ہوگاجس میں وزیراعظم عمران خان بھی شرکت کریں گے اور اجلاس سے کلیدی خطاب کرینگے۔ اس اجلاس میں باہمی مشاورت سے اسلامی سربراہی کانفرنس کے مسودہ ’’مکہ اعلامیہ‘‘کو حتمی شکل دی جائے گی۔ سربراہی کانفرنس کے ساتھ ساتھ او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے کشمیر کا اجلاس بھی متوقع ہے ۔سعودی عرب روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اوآئی سی سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کوحتمی شکل دی جائےگی،اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاجائےگا،نئے امن منصوبوں، ایران کی صورتحال اورخطے میں کشیدگی پربھی بات ہوگی،انہوں نے کہا کہ سائیڈلائنزپرکچھ وزرائے خارجہ کےساتھ ملاقاتیں بھی طے ہیں،او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات ہو گی، سعودی عرب میں کشمیررابطہ گروپ کااجلاس بھی متوقع ہے،کشمیر رابطہ گروپ کے ممبران اپنا نکتہ نظر پیش کریں گے جبکہ پاکستان اجلاس میں اپنانکتہ نظرپیش کریگا۔