• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ حکمت عملی بنائے،عوام عدلیہ بچاؤ تحریک کیلئےباہرنکلیں،نوازشریف

لاہور(نمائندہ جنگ) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ جمہوریت پسند ججز کو چن چن کرنشانہ بنایا جا رہا ہے قوم عدلیہ بچاؤ تحریک کیلئے باہر نکلے جو اس تحریک میں شامل نہیں ہوگا اسے قوم معاف نہیں کرے گی، ن لیگ حکمت عملی بنائے ، حکومت نے قومی غیرت کا جنازہ نکال دیا ہے اب بس ہو گئی ہےجس طرح حکومت نے میڈیا کو یرغمال بنایا اب ججز کے خلاف ریفرنس لا رہی ہے،اتنے پاک صاف کردارکے حامل ججزکی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل میں مریم نوازشریف اور دوسرے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم سب نےمل کر اس عدلیہ بچاؤ تحریک کو چلانا ہے،اس سے پہلے جسٹس افتخار چوہدری کے لیے بھی تحریک چلا چکے ہیں اب بھی چلائیں گے،مجھے قید وبند کی کوئی فکر نہیں مجھے علم ہے کہ قید بھی بڑھ جائے گی لیکن جمہوریت،قانون کی حکمرانی اورووٹ کوعزت دو کے بیانیے کے لئے سو مرتبہ جیل میں رہنے کے لئے تیار ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی اپنی کوئی عزت نہیں لیکن ملک کی بہت عزت ہے،عمران خان ایک ایک ڈالر کےلئے دنیا سے بھیک مانگ رہاہے۔نوازشریف نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے معیشت کا برا حال کر دیا ہے ڈالر اوپر اور روپیہ نیچے اسٹاک ایکسچینج میں مندی کارحجان ہےعمران خان ایک ایک ڈالر کے لیے بھیک مانگ رہا ہے،مودی خود چل کر میرے پاس آیا تھا اور عمران خان اس سے ملاقات کی بھیک مانگ رہا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نے متوط طبقے سمیت ہر غریب شخص کو مہنگائی کی چکی میں پیس دیا ہے،ان غریبوں کی آواز بننا ہو گا وگرنہ قوم ہمیں معاف نہیں کرے گی،ملک میں آئی ایم ایف کے آنے سے مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، سیاسی جماعتوں،وکلا، سول سوسائٹی مل کر اپنا لائحہ عمل تیار کریں،عدلیہ بچاؤ تحریک کےلئے پارلیمانی کمیٹی کااہم اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا جس کی صدارت سئنیرنائب صدرشاہد خاقان عباسی کریں گے۔

تازہ ترین