جیسے جیسے عید کی آمد قریب آتی جاتی ہے، ویسے ویسے بازاروں کی رونقیں بڑھتی چلی جاتی ہیں، کہیں کپڑوں کی خریدار ی تو کہیں جیولری کی دکانوں پر بےپناہ رش نظر آتا ہے۔ لیکن ان سب چیزوں کے ساتھ خواتین خاص مشرقی سنگھار کرنا کبھی نہیں بھولتیں، جس میں مہندی (حنا) سرفہرست ہے۔ مہندی کے ریٹ کم ہوں یا زیادہ، خواتین نے ہر حال میں یہ لگوانی ہوتی ہے۔ جس طرح بدلتے وقت کے ساتھ فیشن ٹرینڈز میں تبدیلی آتی رہتی ہے، بالکل ایسے ہی مہندی کے ڈیزائن بھی جدت اختیار کر جاتے ہیں۔ عید الفطر کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے آپ مہندی کے بھاری بھاری ڈیزائن بھی بنواسکتی ہیں یا پھر ہلکی اور نفیس مہندی لگواسکتی ہیں، یہ سب آپ کی پسند پر منحصر ہے۔ اس عید پر آپ کی خوشیوں کو چار چاند لگانے کے لیے بات کرتے ہیں مہندی کے کچھ مقبول ڈیزائن کی۔
فلورل ٹیکا مہندی ڈیزائن
مہندی آرٹسٹ کا کہنا ہے کہ خواتین کی بڑی تعداد عید الفطر پربھاری بھر کم مہندی کے ڈیزائن بنوانے کے بجائے ہلکے اور خوبصورت ڈیزائن بنوانا زیادہ پسند کرتی ہے۔ ہلکے اور نفیس مہندی ڈیزائن ٹرینڈ کی بات کی جائے تو دونوں ہاتھوں پر الٹی طرف فلورل ٹیکا مہندی ڈیزائن بنوانا ان دنوں تمام خواتین میں یکساں طور پر مقبول ہے۔
فلورل ٹیکا مہندی ڈیزائن میں ہاتھ کی ہتھیلی کے درمیان میں ایک دائرہ بنا لیا جاتا ہے۔ اس دائرے کے ارد گرد خوبصورت پھول اور مہندی کے مختلف ڈیزائن بناکر اسے سجایا جاتا ہے جبکہ ہاتھوں کی انگلیوں کوپیچیدہ اور چٹائیوں والے دیدہ زیب ڈیزائن اورپوروں کو مہندی سے کور کیا جاتا ہے۔
انڈین عریبک مہندی ڈیزائن
ایک مہندی آرٹسٹ کے مطابق، ان کے پارلر میں آئی شادی شدہ خواتین ہلکے ڈیزائن کے بجائے بھاری ڈیزائن بنوانا پسند کرتی ہیں کیونکہ بھاری ڈیزائن میںمہندی کا رنگ خوب چڑھتا ہے ۔بھاری مہندی ڈیزائن کی بات کی جائے تو انڈین عریبک مہندی ڈیزائن اس برس بھی کافی مقبول ہے۔ انڈین عریبک ڈیزائن عربی اور انڈین مہندی کا خوبصورت ملاپ پیش کرتا ہے، جو باریک اور دِکھنے میں زیادہ دلکش لگتے ہیں۔ اس مہندی کے چارجز دیگر ڈیزائن کے برعکس زیادہ ہوتے ہیں کیونکہ اس ڈیزائن کو بنانے میں دیگر کی نسبت زیادہ محنت لگتی ہے۔ انڈین عریبک مہندی ڈیزائن کے چارجز300 سے 800 تک وصول کیے جاتے ہیں۔
بریسلیٹ مہندی ڈیزائن
وہ لڑکیاں جو مہندی پسند کرتی ہیں لیکن یہ نہیں چاہتی کہ مہندی کے ڈیزائن ان کے ہاتھوں کو پورا ڈھانپ لیں، ان کے لیےایک مہندی آرٹسٹ نے بریسلیٹ مہندی ڈیزائن تخلیق کیے ہیں۔ آرٹسٹ کا کہنا ہے کہ جوخواتین اسٹائلش کٹ مہندی لگوانا پسند کرتی ہیں ان کے لیے بریسلیٹ مہندی ڈیزائن بہترین ہیں۔ ان میں ہاتھ کی کلائی پر مہندی سے خوبصورت ڈیزائن بنائے جاتے ہیں اور ہتھیلی کو خالی چھوڑتے ہوئے ہاتھوں کی انگلیوں کو بھی دیدہ زیب اور دلکش ڈیزائن سے سجایا جاتا ہے۔ یہ ٹرینڈ لڑکیوں میں سب سے زیادہ مقبول ہے۔ اس حوالے سے مہندی آرٹسٹ کا کہنا ہے کہ جو خواتین سادہ اور منفرد ڈیزائن بنوانا چاہتی ہیںتو اس کے لیے وہ ان سے زیادہ فیس وصول کرتی ہیں۔
بلیک فلاور پیٹرن
خواتین میں گزشتہ کئی سالوں سے بلیک مہندی خاصی مقبول ہے۔ یہ مہندی مارکر کی طرح ہوتی ہے، جسے صرف ڈیزائن کی آؤٹ لائن کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس عید پربلیک کون سےبنائے گئے فلاور پیٹرن خاصے مقبول ہوں گے۔ اگر آپ بھی مہندی کے حوالے سے کچھ منفرد ٹرینڈ اپنا نے کا ارادہ رکھتی ہیں تو بلیک فلاور پیٹرن اپنائیں۔ اس پیٹرن میں آؤٹ لائن بلیک کون سے جبکہ اندر کی فلنگ عام کون سے کی جاتی ہے۔ یہ مہندی ڈیزائن اس عید پر آپ کے ہاتھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا۔
سنگل بیل پیٹرن
مہندی کے ڈیزائنز مہندی آرٹسٹ کی تخلیق ہوتے ہیں اور تخلیق چاہے جیسی بھی ہو وہ اپنے اندر دلچسپی سموئے ہوئے ہوتی ہے۔ ایک ایسا ہی مہندی کا ڈیزائن سنگل بیل پیٹرن ہے، جو ہاتھوں کے اوپر یا نیچے کہیں بھی بنوایا جاسکتا ہے۔ اس پیٹرن کے لیے عام طور پر عربی یا سوڈانی مہندی کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ سنگل بیل پیٹرن ہاتھوں کی کلائی سے شروع ہوکر پہلی انگلی تک پھول پتیوں کی صورت جاتا ہے جو کہ نفیس ہونے کے ساتھ ساتھ ہاتھوں پر خاصا بھلا محسوس ہوتا ہے۔