ورلڈ کپ 2019ء میں بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی کے باعث پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کے صرف چار بیٹسمین فخرزمان، 22، بابراعظم 22، وہاب ریاض 18 اور محمد حفیظ 16 رنز کے سوا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا۔
میچ میں پاکستان کو پہلی وکٹ کا نقصان تیسرے اوور میں 17 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب امام الحق 2 رنز بنا کر شیلڈن کوٹرل کی گیند پر شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد میچ کے پانچویں اوور میں جب پاکستان ٹیم کا اسکور 35 رنز ہوا تو دوسرے اوپنر فخر زمان آندرے رسل کی گیند پر 22 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے۔
چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے حارث سہیل بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 8 رنز بنا کر رسل کی گیند پر ہوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کی گرنے والی چوتھی وکٹ بابر اعظم کی تھی، وہ 22 رنز بنا کر تھامس کی گیند پر ہوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ہولڈر نے ایک اوور میں کپتان سرفراز اور عماد وسیم کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ اس کے بعد آنے والے شاداب خان بغیر کوئی رن بنائے تھامس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد آنے والے حسن علی بھی خاطر خواہ مزاحمت نہ کر سکے اور ایک رنز بنا کر ہولڈر کا شکار بنے۔
محمد حفیظ صرف 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، وہاب ریاض نے 18 رنز بنائے۔
یوں پاکستان کی پورف ٹیم 21 اعشاریہ 4 اوورز میں 105 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کے اوشان تھامس نے 4، جیسن ہولڈر نے 3، آندر رسل نے 2 اور کوٹریل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ورلڈ کپ2019 کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹاس ہارنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے، تاہم اب میچ جیتنے کیلئے ہمیں ایک اچھا اسٹارٹ چاہیے۔
ناٹنگھم کے گراؤنڈ ٹرینٹ برج میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقاکے مریس ایراسمس اور نیوزی لینڈ کے کرس گیف اینے امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں ، جبکہ ٹی وی امپائر بھارت کے سندارام روی ہیں۔
مسلسل 10 ون ڈے انٹرنیشنل اور افغانستان کے ہاتھوں وارم اپ میچ میں شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد میچ میں بہتر کارکردگی کے لئے پر امید ہیں۔
میچ کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، کپتان سرفراز احمد، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر شامل ہیں۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کرس گیل، شائی ہوپ، ڈیرن براوو،شمرن ہیٹ میئر،نکولس پورن، کپتان جیسن ہولڈر، آندرے رسل، کارلس بریتھ ویٹ، ایشلے نرس، شیلڈن کوٹرل اور اوشین تھامس شامل ہیں۔
اس سے قبل ماضی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 133ون ڈے انٹر نیشنل ہوئے ہیں جن میں سے ویسٹ انڈیز نے 70پاکستان نے60میچ جیتے ہیں جبکہ 3 میچ بےنتیجہ رہے ہیں۔
دو برس قبل چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد سے قومی ٹیم نے 38 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں، جن میں سے 15 جیتے ہیں 21 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ 2 میچز نامکمل رہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں 49.2اوورز میں 421رنزاسکور کرکے ایونٹ کی دوسری ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔