اسپین کے شہر میڈرڈ میں گزپرام انٹر نیشنل سوشل پروگرام فٹبال فار فرینڈشپ میں پاکستانی بچوں نے حاضرین کے دل جیت لیے،تربیتی کیمپ میں صلاحیتوں کا بھرپور اظہار اور بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔
دنیا کے مختلف ملکوں سے آنے والے سابق فٹبالرز کو پاکستان کی گرین شرٹس پیش کرتے ہوئے امن اور دوستی کا پیغام بھی دیا۔تفصیلات کے مطابق5 ننھے کھلاڑیوں سمیت پاکستان کا 8رکنی وفد میڈرڈ میں گزپرام انٹرنیشنل چلڈرن سوشل پروگرام فٹبال فار فرینڈ شپ میں ملک کی نمائندگی کررہا ہے۔
یہ مسلسل تیسرا موقع ہے کہ پاکستانی بچے عالمی پروگرام کا حصہ بنے ہیں، فٹبال فار فرینڈشپ پروگرام کے ساتھ دنیا کے بڑے میڈیا اور کاروباری ادارے وابستہ ہیں، وفاقی حکومت کے تحت چلنے والے پروجیکٹ پیغام پاکستان کا ساتھ بھی حاصل ہے۔
مختلف سماجی طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کے مقاصد کی وجہ سے دونوں میں معاونت کی فضا پیدا ہوئی، مسلسل دوسال سے فہد خان کی سربراہی میں پاکستان کے وفد نے اپنی سرگرمیوں سے پاکستان کا تاثر بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
گزشتہ سال ڈیرہ اسماعیل خان کے سارنگ بلوچ بطور ایمبیسیڈر وفد میں شامل تھے۔ انہیں گزشتہ سال جون میں ماسکو میں فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کا پرچم لہرانے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہوا تھا۔
لاہور سے یوسف معظم ینگ کوچ اور جنوبی پنجاب کے فرزاد محبوب بھی ہمراہ تھے، رواں سال 5 پاکستانی بچے میڈرڈ میں ملک کی نمائندگی کررہے ہیں،54 ملکوں کے اس پروگرام میں اصغر خان انجم ہیڈ کوچ، ابراہیم ظہیر، مونس ابراہیم اور مجتبی عمران ینگ فٹبال ایمبیسیڈرز کے طور پر شریک ہیں، ارحم کامران ینگ جرنلسٹ اور یوسف معظم ایک بار پھر ینگ کوچ ہیں۔
ان سب کا انتخاب فرینڈشپ گلوبل کمیٹی نے کیا تھا، فٹبال فار فرینڈشپ پروگرام کے تحت پیغام پاکستان کے ہمراہ پاکستان میں میچز، ورکشاپس، حکومتی عہدیداروں، کھیلوں اور شوبز سے وابستہ شخصیات سے ملاقاتوں سمیت مختلف ایونٹس تشکیل دیئے گئے۔
ان کے ذریعے امن و محبت، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی، اس سلسلے میں سکھ، ہندو، عیسائی اور دیگر سمیت مختلف طبقوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے نو عمر کھلاڑیوں کے مابین میچ 24 اپریل کو کھیلا گیا تھا۔
اگلے روز ورکشاپ ہوئی، مختلف برادریوں کے سربراہان اور بچوں کی فیملیز بھی اس پروگرام کا حصہ بنیں۔ میڈرڈ آمد کے بعد اب تک پاکستانی وفد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، بچوں نے اپنے شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ بہترین نظم و ضبط کی مثال بھی پیش کی۔
منتظمین بچوں کے رویہ سے بہت خوش نظر آئے، پاکستان کے نو عمر فٹبالرز نے دنیا بھر سے آنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ دوستیاں بھی بڑھائیں، انٹرنیشنل چلًڈرن پریس سنٹر میں تقریبات کے موقع پر پاکستانی وفد کی جانب سے دیگر ملکوں کے عہدے داروں اور سابق فٹبالرز کو گرین شرٹس کے تحائف پیش کیے گئے۔
ان میں ڈائریکٹر گزپرام فٹبال فار فرینڈشپ ولادی میر سروف، ڈائریکٹر رشین فٹبال ایسوسی ایشن اور سابق روسی پلیئر الیگزی سمرٹن، یوتھ پریذیڈنٹ اٹلیٹکو پینارول پابلو سیسر ٹورس اور دیگر شامل تھے، کسی اور وفد کی جانب سے اس طرح تحائف دینے کی مثال سامنے نہیں آئی، پاکستانی بچوں نے اپنے اعتماد سے حاضرین کے دل جیت لیے۔
اس موقع پر دنیا بھر سے آنے والے وفود کو پاکستانی وفد کے سربراہ فہد خان نے فیئر پلے کے موضوع پر ایک گھنٹہ سے زائد طویل لیکچر دیا جس کی خاص طور پر بڑی پذیرائی کی گئی۔انہوں نے فٹبال فرینڈ شپ پروگرام کی اقدار کا احاطہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کھیل کو اتحاد، یکجہتی، استحکام اور امن کا ذریعہ بننا چاہیے، اس موقع پر لیکچر دینے والوں میں آسٹریلوی فٹبال ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ سمیت کوچنگ کا پرو لائسنس رکھنے والے کئی نامور کوچز شامل تھے۔پاکستانی بچوں اور وفد کے دیگر ارکان نے یوئیفا چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ بھی دیکھا۔