مسلسل گیارہ ون ڈے انٹر نیشنل ہارنے والی پاکستانی ٹیم کو بالاخر پہلی جیت مل گئی،ورلڈ کپ کرکٹ میں پاکستان نے ہاٹ فیورٹ اور عالمی نمبر ایک انگلینڈ کو14رنز سے اپ سیٹ کردیا۔
ہوم سیریز میں انگلینڈ نے پاکستان کو چار صفر سے شکست دی تھی لیکن پاکستان نے حیران کن کارکردگی دکھاکر ماہرین کو غلط ثابت کردکھایا۔
شاندار فتح کے بعد ناٹنگھم کی سڑکوں پر پاکستانی دیوانہ وار رقص کرتے ہوئے جیت کا جشن منارہے تھے۔
پاکستانی ٹیم نے میچ میں 349رنز بنانے اور نئی تاریخ رقم کرنے کا انگلینڈ کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔
ڈینجر مین جوز بٹلر نے ورلڈ کپ میں پہلی سنچری اسکور کی،جبکہ بابر اعظم نے جوروٹ کا سلپ میں کیچ ڈراپ کرکے انہیں پندرہویں سنچری بنانے کا موقع دیا، دوسنچریوں کے باوجود میزبان ٹیم ورلڈ کپ میں پاکستان کو پہلی فتح سے نہیں روک سکی۔
پاکستانی ٹیم پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اسی گراونڈ پر105رنز بناکر آوٹ ہوئی تھی،پاکستانی شاہینوں نے شکست سے سبق سیکھا اور ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کے خلاف 8وکٹ پر348رنز داغ دیئے۔
محمد حفیظ نے میچ میں62گیندوں پر84 رنز بنائے،ایک وکٹ لی اور ایک کیچ لیا۔
محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے آپ پر اعتماد تھا،پہلے میچ کے بعد سب کھلاڑیوں نے ہمت نہیں ہاری ،ہمیں ورلڈ کپ جیسے میگا ایونٹ میں اسی طرح کی کرکٹ کھیلنا ہے۔
ورلڈ کپ کے لئےپاکستان ٹیم میں آخری لمحات میں جگہ بنانے والے وہاب ریاض نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کردیا انہوں نے 82رنز دے کر تین وکٹ لئے اور دو کیچ لئے،ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کے خلاف 8وکٹ پر348رنز بنائے۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں کوئی ٹیم328رنز بناکر میچ نہیں ہاری،انگلینڈ ایک میچ میں327رنز بناکر ورلڈ کپ کا میچ ہارچکی ہے۔یہ پہلا موقع تھا جب پاکستان نے ون ڈے میں اتنا بڑا اسکوربغیر کسی سنچری کے بنایا۔
اس سے قبل سال 2008میں کراچی میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف 347رنز بغیر کسی سنچری کے بنائے تھے،ورلڈ کپ تاریخ میں پہلی بار پاکستان نے اسپنرز کے ساتھ بولنگ شروع کی، سرفراز احمد نے پہلا اوور شاداب کو دیا تھا۔
انگلش اوپنر جیسن رائے اور جونی بریسٹوون ڈے میں کبھی لیگ اسپنر کے ہاتھوں آوٹ نہیں ہوئے تھے، ورلڈ کپ میں پہلے عمران طاہر نے جونی بریسٹو اور پھر شاداب نے جیسن رائے کو آوٹ کیا۔